حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں تیسری مرتبہ اضافہ کردیا

31 مارچ 2019
حکومت نے جنوری میں پیٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا تھا—فائل/فوٹو: اے ایف پی
حکومت نے جنوری میں پیٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا تھا—فائل/فوٹو: اے ایف پی

وفاقی حکومت نے ایک مرتبہ پھر پیٹرولیم مصنوعات کو مہنگا کرتے ہوئے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے کا اضافہ کردیا۔ حکومت نے ہائی اسپیڈ ڈیزل کو فی لیٹر6 روپے، لائٹ ڈیزل اور مٹی کا تیل 3,3 روپے فی لیٹر مہنگا کردیا۔

قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 98 روپے 89 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔

ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت117روپے 43 پیسے فی لیٹر، مٹی کے تیل کی نئی قیمت 89 روپے 31پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت 80 روپے 54 پیسے فی لیٹر ہوگی۔

پیٹرولیم مصنوعات کی اضافہ شدہ نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12بجے سے ہوگا۔

یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ ماہ بھی پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کیا تھا اور اب تک 7 ماہ میں تیسری مرتبہ پیٹرول کی قیمت اضافہ کردیا ہے۔

مزید پڑھیں:پیٹرول ڈھائی روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 4.75 روپے مہنگا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے 28 فروری کو جاری نوٹی فکیشن میں پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 50 پیسے، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 50 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 75 پیسے اضافہ کیا تھا۔

قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 92 روپے 88 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 111روپے 43 پیسے، لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 77 روپے 53 پیسے اور مٹی کے تیل کی نئی قیمت 86 روپے 31 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔

قبل ازیں 31 اکتوبر2018 کو حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ساڑھے 6 روپے تک اضافے کا اعلان کیا تھا۔

سال نو کے آغاز میں حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 86 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 26 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 52 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت 2 روپے 16 پیسے فی لیٹر کم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Sharjeel Abbasi Apr 01, 2019 07:16am
Salam Please publish oil prices chart for the past 19 years.