وزیراعظم کی سیلاب سے متاثرہ ایران کو امداد کی پیشکش

08 اپريل 2019
عمران خان کے مطابق وہ ایرانی عوام کیلئے دعاگو ہیں —فائل فوٹو/اے ایف پی
عمران خان کے مطابق وہ ایرانی عوام کیلئے دعاگو ہیں —فائل فوٹو/اے ایف پی

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے سیلاب سے بری طرح متاثرہ ایران سے اظہارِ ہمددری کرتے ہوئے پیشکش کی ہے کہ ان کی حکومت ہر طرح کی امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’ہم غیر معمولی سیلاب میں گھرے ایرانی عوام کیلئے دعاگو ہیں اور ان کے لیے ضروری امدادی سامان بھجوانے کے لیے تیار ہیں‘۔

ایرانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سیلاب کے باعث اب تک 70 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

خیال رہے ایران کے شمالی، مغربی اور جنوب مغربی حصے میں گزشتہ ماہ شروع ہونے والی شدید بارشوں کے نتیجے میں سیلاب آگیا تھا جس کی وجہ سے ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔

سرکاری میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ہلاکتیں ملک کے 13 صوبوں میں ہوئیں، جس میں سب سے زیادہ تعداد فارس، استان لرستان‎، گلستان، ہمدان میں سامنے آئیں.

یہ بھی پڑھیں: ایران میں سیلاب سے وسیع پیمانے پر تباہی

رپورٹس میں کہا گیا کہ 19 مارچ سے شروع ہونے والی بارشوں سے آنے والے سیلاب سے ملک بھر کے 19 سو گاؤں اور شہر متاثر ہوئے۔

سیلاب کے نتیجے میں آبی اور زرعی ڈھانچے کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے جبکہ اس سے 140 دریاؤں کے بند ٹوٹ گئے اور مجموعی طور پر 409 مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔

سیلاب کی تباہ کاریوں کے نتیجے میں متاثرہ علاقوں میں 78 سڑکیں بلاک ہوگئیں اور 84 پل بری طرح متاثر ہوئے۔


یہ خبر 8 اپریل 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں