وزیر اعظم سیکریٹریٹ میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا

اپ ڈیٹ 08 اپريل 2019
وزیر اعظم سیکریٹریٹ کو آگ لگنے کے بعد خالی کرا لیا گیا— اسکرین شاٹ: ڈان نیوز
وزیر اعظم سیکریٹریٹ کو آگ لگنے کے بعد خالی کرا لیا گیا— اسکرین شاٹ: ڈان نیوز

اسلام آباد میں وزیر اعظم سیکریٹریٹ کی چھٹی منزل پر لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا، تاہم کولنگ کا عمل جاری ہے۔

ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم سیکریٹریٹ میں چھٹی منزل پر اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے فوری بعد امدادی آپریشن کا آغاز کیا گیا۔

واقعے کے اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ اور امدادی ٹیمیں جائے وقوع پہنچ گئیں اور وزیر اعظم سیکریٹریٹ کو فوری طور پر خالی کروا لیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق آگ لگتے ہی وزیر اعظم ہاؤس میں لگے فائر سسٹم کے سائرن بجنا شروع ہوگئے اور وزیر اعظم سیکریٹریٹ میں موجود افراد کو عمارت سے باہر نکلنے کی ہدایت کی گئی۔

وزیر اعظم سیکریٹریٹ کی چھٹی منزل پر لگنے والی آگ کی وجوہات معلوم نہ ہوسکیں جبکہ خوش قسمتی سے ابھی تک کوئی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

امدادی آپریشن میں کیپیٹل ڈیولمپنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) سے بھی مدد طلب کی گئی اور ان کی اسنارکل نے بھی وزیر اعظم سیکریٹریٹ میں لگنے والی آگ کو بجھانے میں مدد کی۔

تاہم آشزدگی کی وجہ سے عمارت میں دھواں بھرنا شروع ہوگیا اور وزیر اعظم سیکریٹریٹ میں ہوا کی منتقلی کا راستہ نہ ہونے کی وجہ سے چھٹی منزل کے شیشے توڑے گئے تاکہ دھواں باہر نکل سکے۔

بعد ازاں امدادی ٹیموں کی بروقت کارروائی کی وجہ سے وزیر اعظم سیکریٹریٹ میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں