نیاپاکستان ہاؤسنگ پروجیکٹ: پہلے مرحلے میں ایک لاکھ 35 ہزار اپارٹمنٹس بنانے کا اعلان

اپ ڈیٹ 23 مئ 2019
گوادر میں ماہی گیروں کے لیے بستی بنائی جائے گی — فوٹو: ڈان نیوز
گوادر میں ماہی گیروں کے لیے بستی بنائی جائے گی — فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروجیکٹ کے پہلے مرحلے میں رواں برس ایک لاکھ 35 ہزار اپارٹمنٹس تعمیر کیے جائیں گے۔

کابینہ اجلاس کے بعد اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم اتھارٹی کی منظوری دی گئی، نیا پاکستان ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے تحت پہلے مرحلے میں ایک لاکھ 35 ہزار اپارٹمنٹس تعمیر کیے جائیں گے۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ وزیراعظم 17 اپریل کو نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت اسلام آباد میں وفاقی ملازمین کے لیے 25 ہزار اپارٹمنٹس جبکہ ایک لاکھ 10 ہزار اپارٹمنٹس بلوچستان میں بنائے جائیں گے۔

وفاقی وزیر نےکہا کہ ان میں گوادر کے ماہی گیروں کے لیے بستی شامل ہے اور گوادر کے ماہی گیروں کو جدید طرز پر تیار گھر دیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ میں آج گیس اور بجلی کے حوالے سے بات چیت ہوئی، گیس کی چوری روکنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ مختلف جگہوں پر گیس کی بلنگ نہیں ہورہی، بجلی کے محکمے کے5 سو افراد پر بجلی چوری کے مقدمے چل رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: ’ لاہور سے لاڑکانہ تک مافیا کی چیخیں سنائی دے رہی ہیں‘

وفاقی وزیر نے کہا کہ بلوچستان جانے والی 48 فیصد گیس کی بلنگ نہیں ہورہی ہے، اسی طر ح لاہور اور اسلام آباد میں بھی مسائل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر کا گیس کا ماہانہ بل 12 ہزار روپے آرہا تھا جو اب بڑھ کر ایک کروڑ 10 ہزار روپیہ ہوگیا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ بجلی چوری میں بہت لوگ ملوث ہے، حنا ربانی کھر بجلی چوری کیس میں 2 سال سے حکم امتناع پر ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے عمرایوب اور غلام سرور خان کو گیس اور بجلی چوری میں ملوث بڑے لوگوں کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ننکانہ صاحب میں بابا گرونانک کے نام پر ریلوے اسٹیشن بنایا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’گزشتہ حکومت کا بجٹ جعلی تھا، اب اصلی آرہا ہے‘

انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں تمام سرکاری اداروں کو خط و کتابت کے لیے صرف پاکستان پوسٹ استعمال کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایویکیو ٹرسٹ پراپرٹی کا نیا بورڈ تشکیل دیا گیا ہے، جان لیوا بیماریوں کے علاج کے پروگرام کو بحال کرکے وزیراعظم آفس سے بیت المال منتقل کیا گیا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ کے 35 فیصلے ہیں جن پر عملدرآمد نہیں ہوسکا جن میں سے اکثر مفاہمتی یادداشتوں سے متعلق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایم ایس ایئر ایگل پرائیویٹ لمیٹڈ کو ایک سال کے لائسنس کی منظوری دی گئی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سول ایوی ایشن کے سیکریٹری شاہ رخ کو چیئرمین سول ایوی ایشن اتھارٹی کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ یونس ڈھاگا کو 3 مہینے کے لیے اسٹیٹ لائف انشورنس کا اضافی چارج دیا گیا ہے جبکہ عمر رسول کو سرمایہ کاری بورڈ کا نیا چیئرمین تعینات کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان مالی تعاون کے معاہدے کی منظوری دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ فنانشل، انٹیلی جنس ڈپارٹمنٹ یو اے ای اور فنانشل مانیٹرنگ ڈپارٹمنٹ پاکستان کا معاہدہ ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یو اے ای میں پاکستانی شہریوں کی بہت زیادہ جائیدادیں موجود ہیں۔

میڈیا یونیورسٹی قائم کرنے کی منظوری

فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ نے وزرات اطلاعات کے فلیگ شپ پروگرام میڈیا یونیورسٹی کے قیام کی منظوری دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کا بنیادی مقصد ہے کہ پاکستان میں میڈیا تو پڑھارہے ہیں ٹیکنالوجی نہیں پڑھارہے جس کی وجہ سے مشکلات پیش آرہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میڈیا یونیورسٹی میں تینوں اکیڈمیز کو ضم کیا جائے گا اور اسلام آباد مرکز ہوگا، یونیورسٹی میں طلبہ کو ٹیکنالوجی سے متعلق آگاہی دی جائے گی،اس سلسلے میں ہواوے اور زیڈ ٹی اے سے بات چیت چل رہی ہے اور امریکا سے بھی بات چیت چل رہی ہے

یہ بھی پڑھیں: نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں 40 سے زائد کمپنیوں کی دلچسپی

انہوں نے کہا کہ یہ سرکاری یونیورسٹی نہیں ہے، ہم صرف زمین دے رہے ہیں، کوشش ہوگی کہ پرائیوٹ پارٹنر شپ قائم کی جائے۔

جو حدیبیہ کیس میں ہوا وہی اب بھی ہوتا نظر آرہا ہے

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس وقت پنجاب میں جو اسکینڈل سامنے آرہے ہیں ان پر بھی ہماری گہری نظر ہے، جس طرح حدیبیہ کیس میں ہوا اب بھی وہی نظر آرہا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اہم ہے کہ ان سب مقدمات کو دیکھا جائے اور نیب کی کارروائیوں سے نظر آرہا ہے کہ خواجہ آصف اور سعد رفیق بڑی کرپشن میں ملوث ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے حوالے سے جو اسکینڈل سامنے آرہےہیں ایسا محسوس ہورہا ہے کہ نواز شریف، شہباز شریف اور آصف زرداری ایک ہی طریقہ استعمال کرتے رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ میں شہباز شریف کے خط سے متعلق کوئی بات چیت نہیں کی گئی۔

پنجاب اسمبلی میں فواد چوہدری کو برطرف کرنے کی درخواست سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کی بچپن سے خواہش ہے کہ مجھے برطرف کیا جائے لیکن میں ہو نہیں رہا۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا ہے کہ مصطفیٰ نواز کھوکر سے کہیں کہ اگر آپ وہ 5 ارب ڈالر لادیں جو زرداری صاحب پاکستان سے باہر لے گئے تو کوئی مہنگائی نہیں بڑھے گی۔

انہوں نے کہا کہ اگر زرداری اور نواز شریف مہربانی کریں اور عوام کے لوٹے ہوئے پیسے واپس لادیں تو وہی آٹھ، دس ارب ڈالر بن جائیں گے اور ہمارا گزارا ہوجائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں