شہباز شریف کا پوتی کی عیادت کیلئے لندن روانہ ہونے کا اعلان

10 اپريل 2019
شہباز شریف کے مطابق ان کے دونوں بیٹوں کے گھر ننھے مہمان کے آنے کے بعد سے وہ اپنے بیٹوں سے مل نہیں سکے تھے — فائل فوٹو/ڈان
شہباز شریف کے مطابق ان کے دونوں بیٹوں کے گھر ننھے مہمان کے آنے کے بعد سے وہ اپنے بیٹوں سے مل نہیں سکے تھے — فائل فوٹو/ڈان

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اپنے پوتے کی عیادت کے لیے لندن روانہ ہونے کا اعلان کردیا۔

واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے دو ہفتے قبل نکالنے کا حکم دیا تھا۔

شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کیا کہ ’وہ لندن کا مختصر دورہ کریں گے اور جلد وطن واپس آجائیں گے‘۔

مزید پڑھیں: رمضان شوگر ملز ریفرنس: شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد

ان کا کہنا تھا کہ ’عدالت نے مجھے ضمانت پر رہا کردیا اور میرا نام ای سی ایل سے نکالا جاچکا ہے، ان حالات میں، میں اپنے پوتے کو دیکھنے اور ساتھ ہی اپنا طبی معائنہ کرانے کے لیے لندن کا مختصر دورہ کرنے جارہا ہوں اور انشاءاللہ جلد واپس آجاؤں گا‘۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ان کی گرفتاری اور ان کا نام ای سی ایل میں ہونے کی وجہ سے اپنے دونوں بیٹوں سے نہیں مل سکے تھے جن کے گھر حال ہی میں بیٹا اور بیٹی کی ولادت ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اللہ پاک نے میرے چھوٹے بیٹے کو بیٹا اور بڑے بیٹے کو شادی کے 20 سال بعد بیٹی سے نوازا ہے، (ڈاکٹروں کو) حمزہ کی بیٹی کی پیدائش کے ایک ہفتے بعد ہی دل کی سرجری کرنی پڑ رہی ہے تاہم گرفتار ہونے اور ای سی ایل میں نام ہونے کی وجہ سے میں ان دونوں سے نہیں مل سکا تھا‘۔

یہ بھی پڑھیں: رمضان شوگر ملز کے منیجر کو طیارے سے آف لوڈ کر کے حراست میں لے لیا گیا

خیال رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں نیب نے شہباز شریف کی ’غیر قانونی‘ جائیداد کی تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔

انکوائری کا آغاز اس وقت کیا گیا جب شہباز شریف پہلے ہی آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل میں نیب کے زیر حراست تھے۔ شہباز شریف کو صاف پانی کمپنی کا کنٹریکٹ خلاف ضابطہ دینے کے الزامات میں بھی تحقیقات کا سامنا ہے۔

گزشتہ ماہ وفاقی کابینہ نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سمری کی منظوری دی تھی۔

سمری کو نیب کی درخواست پر منظور کیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں