بلوچستان: مسافر وین اور ٹرک میں تصادم، 11 افراد جاں بحق

اپ ڈیٹ 16 اپريل 2019
لیویز کے مطابق حادثے میں مسافر بس مکمل تباہ ہوگئی
 — فوٹو: ڈان نیوز
لیویز کے مطابق حادثے میں مسافر بس مکمل تباہ ہوگئی — فوٹو: ڈان نیوز

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوگئے۔

لیویز کے مطابق ضلع مستونگ کے علاقے گھانہ دوری میں مسافر وین اور ٹرک میں تصادم ہوا۔

حادثے میں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کے لیے نواب غوث بخش رئیسانی ہسپتال اور کوئٹہ کے سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔

بعدازاں زخمیوں کی آمد کے باعث مذکورہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کی گئی۔

مزید پڑھیں: کراچی: گرد آلود ہواؤں اور طوفان سے 2 بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق

لیویز کے مطابق حادثے میں مسافر وین مکمل تباہ ہوگئی۔

متاثرین میں سے بیشتر کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا جو کراچی سے قلعہ عبداللہ آرہے تھے۔

خیال رہے کہ صوبے میں سڑکوں کی خراب حالت کے باعث یہاں اس طرح کے حادثات معمول کی بات ہیں، خاص طور پر کوئٹہ سے کراچی کو ملانے والی ہائی وے انتہائی حساس تصور کی جاتی ہے۔

گزشتہ روز کراچی کوئٹہ ہائی وے پر متعدد حادثات کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: جنوبی وزیرستان: سیلاب میں گاڑی بہنے سے 2 بچوں سمیت 8 جاں بحق

رپورٹ کے مطابق تیز ہواؤں کی وجہ سے ایک پولیس وین، ایک مسافر بس اور ایک ٹرک حادثے کا شکار ہوا، مسافر بس کے تمام مسافر کوئٹہ سے کراچی آرہے تھے۔

پولیس اور لیویز اہلکاروں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا، انہیں طبی امداد دینے کے بعد کراچی منتقل کردیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں