چوہدری سرور کی تحریک انصاف میں اختلافات کی تردید

28 اپريل 2019
چوہدری سرور نے اس بات کو بھی مسترد کیا کہ صدر عارف علوی نے انہیں مستعفی ہونے کے لیے کہا ہے — فائل فوٹو/ ڈان نیوز
چوہدری سرور نے اس بات کو بھی مسترد کیا کہ صدر عارف علوی نے انہیں مستعفی ہونے کے لیے کہا ہے — فائل فوٹو/ ڈان نیوز

اوکاڑہ: گورنر پنجاب چوہدری سرور نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں گروہ بندیوں کی تردید کرتے ہوئے کارکنوں پر زور دیا ہے کہ وہ بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیاری کریں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ ملک تبدیلی کے مراحل سے گزر رہا ہے اور ساتھ ہی کہا کہ گورنر اور وزیراعلیٰ ہاؤس میں تبدیلی کا امکان نہیں۔

چوہدری سرور نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر اشرف سوہانہ کی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

مزید پڑھیں: عوامی مسائل کون حل کرے گا؟ پی ٹی آئی اور اتحادی جماعت کے ارکان الجھ پڑے

گورنر پنجاب نے ان رپورٹس کو مسترد کیا جن میں کہا جارہا تھا کہ وزیراعظم ان سے گریز کررہے ہیں اور کہا کہ یہ جھوٹی رپورٹس ہیں، انہوں نے اس بات کو بھی مسترد کیا کہ صدر عارف علوی نے انہیں مستعفی ہونے کے لیے کہا ہے۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر ترین نے گورنر ہاؤس میں عشائیے میں شرکت اس لیے نہیں کی تھی کیونکہ وہ ایک پروگرام میں شرکت کے سلسلے میں اسلام آباد میں موجود تھے اور یہ بھی کہ مذکورہ عشائیہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ حاصل کرنے والے اراکین کے لیے منعقد کیا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت میں پاکستان مسلم لیگ (ق) کے حوالے سے کسی بھی سطح پر کوئی تنازع نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی اندرونی طور پر 5 گروپس میں تقسیم ہے، جاوید ہاشمی

اس سے قبل گورنر پنجاب نے فیصل آباد روڈ پر طیب سعید شہید پولیس لائنز کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے واٹر فلٹر پلانٹ کا افتتاح کیا تھا، یہ پلانٹ سرور فاؤنڈیشن کی جانب سے نصب کیا گیا۔

دوسری جانب اشرف سوہانہ کا کہنا تھا کہ 2018 کے انتخابات کے بعد اور اس شہر میں گورنر پنجاب کی آمد تک پی ٹی آئی میں اختلافات موجود تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے گروپ کے دیگر اراکین، جن میں چوہدری اظہر محمود اور راؤ خالد مصطفیٰ خان شامل ہیں، کے ساتھ پارٹی میں اختلافات ختم کرنے کے لیے تیار ہیں کیونکہ یہ بلدیاتی انتخابات اور پی ٹی آئی کی 2018 کی کامیابی کو دہرانے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی میں اختلافات پر شیخ رشید کا مزاحیہ انداز میں تبصرہ

واضح رہے کہ مذکورہ شہر سے پی ٹی آئی کے پاس قومی اسمبلی کی نمائندگی موجود نہیں ہے۔

علاوہ ازیں گورنر پنجاب نے اشرف سوہانہ کے اعلان کو سراہا اور کہا کہ ہم پی ٹی آئی کے صوبائی رہنماؤں سے اس پیش رفت کے حوالے سے بات چیت کریں گے، جن میں سیف اللہ خان نیازی، ارشد داد اور اعجاز چوہدری شامل ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں