پاکستان جیسی کٹ پر مداحوں کا احتجاج، بنگلہ دیشی ٹیم جرسی بدلنے پر مجبور

اپ ڈیٹ 12 جون 2019
بنگلہ دیشی بورڈ کی جانب سے پہلے مکمل سبز رنگ کی کٹ متعارف کروائی گئی تھی۔ — فوٹو: بی سی بی ٹوئٹر اکاؤنٹ
بنگلہ دیشی بورڈ کی جانب سے پہلے مکمل سبز رنگ کی کٹ متعارف کروائی گئی تھی۔ — فوٹو: بی سی بی ٹوئٹر اکاؤنٹ

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی کٹ کے رنگ سے مشابہت رکھنے والی بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کی جرسی کو مداحوں کے شدید احتجاج کے باعث تبدیل کردیا۔

بی سی بی نے 29 اپریل کو شیر بنگلہ کرکٹ اسٹیڈیم ڈھاکہ میں کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے لیے اپنی ٹیم کی کٹ کی رونمائی کی۔

مذکورہ کٹ مکمل طور پر سبز رنگ کی تھی جس میں عمومی طور پر شامل ہونے والے سرخ رنگ کو اس مرتبہ ٹیم کی کٹ میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔

کٹ منظر عام پر آنے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر بنگلہ دیشی کرکٹ کے مداحوں نے بورڈ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور اس کٹ کو پاکستان کی کٹ جیسا قرار دیا۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نجم الحسن قومی ٹیم کی کٹ کو پاکستان کی کٹ جیسا قرار دینے پر مداحوں پر برسے۔

انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اس کٹ پر واضح طور پر ’بنگلہ دیش‘ لکھا ہوا ہے، تو آپ کس طرح اسے پاکستان کی کٹ کے ساتھ الجھا سکتے ہیں؟

مزید پڑھیں: ورلڈ کپ 2019 کیلئے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کا اعلان

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس کٹ پر ’ٹائیگر‘ کی تصویر اور قومی ٹیم کا لوگو دیکھنے کے باوجود اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ یہ پاکستان کی کٹ ہے تو میرا خیال ہے کہ اس شخص کو پاکستان چلے جانا چاہیے۔

کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق نجم الحسن کا کہنا تھا کہ کٹ کی رونمائی کے بعد وہ ایک مرتبہ پھر بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ساتھ بیٹھے اور کٹ کا جائزہ لیا۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم میں سے کسی نے اس بات کی نشاندہی کی کہ اس کٹ میں سرخ رنگ کی کمی ہے، تاہم اس کے بعد قومی ٹیم کی کٹ تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ مساجد حملہ: اگر بنگلہ دیشی ٹیم 4 منٹ پہلے مسجد پہنچ جاتی تو!

کرک انفو کے مطابق بی سی بی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) قوانین کے تحت ہی انہیں کٹ کا ڈیزائن فراہم کیا تھا، جس پر سبز رنگ کے ساتھ سرخ رنگ سے کھلاڑیوں کے نام اور نمبر لکھے گئے تھے۔

آئی سی سی نے پڑھنے میں مشکلات آنے کی وجہ سے اس کٹ کو مسترد کردیا تھا، جس کے بعد بی سی بی کی جانب سے سے مکمل سبز رنگ کی کٹ کا ڈیزائن دیا گیا جس میں کھلاڑیوں کے نام سفید رنگ سے لکھے ہوئے تھے جسے آئی سی سی نے منظور کرلیا تھا۔

بی سی بی کے صدر نجم الحسن نے بتایا کہ مداحوں کی شدید مخالفت کی وجہ سے بی سی بی کو عجلت میں ٹیم کا ڈیزائن تبدیل کرتے ہوئے اس میں سرخ رنگ کو شامل کرنا پڑا۔

خیال رہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم انگلینڈ میں ہونے والے کرکٹ ورلڈکپ 2019 میں اپنی مہم کا آغاز جنوبی افریقہ کے خلاف میچ سے کرے گی۔

دوسری جانب کرک انفو کی جانب سے کیے جانے والے سروے میں کرکٹ کے مداحوں نے بنگلہ دیشی کی 2019 کے لیے پہلے متعارف کروائی گئی مکمل سبز رنگ کی کٹ کو تاریخ کی بہترین کٹ قرار دیا۔

مداحوں نے 2019 کے لیے مکمل سبز رنگ کی جرسی کو اب تک کی بہترین جرسی قرار دیتے ہوئے سب سے زیادہ 36 فیصد ووٹ دیے۔

اس کے علاوہ مداحوں کی نظر میں بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کی 2015 میں متعارف کروائی جانے والی کٹ 2 بہترین جرسی قرار پائی۔

کرک انفو کے پول کے نتائج — فوٹو: اسکرین گریب
کرک انفو کے پول کے نتائج — فوٹو: اسکرین گریب

تبصرے (0) بند ہیں