پی ایچ ایف نےآصف باجوہ کی بطور سیکریٹری نامزدگی کی منظوری دے دی

اپ ڈیٹ 14 مئ 2019
آصف باجوہ نے ہاکی لیگ کروانے کا بھی اعلان کیا — فائل فوٹو / اے پی پی
آصف باجوہ نے ہاکی لیگ کروانے کا بھی اعلان کیا — فائل فوٹو / اے پی پی

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے نئے سیکریٹری کی تقرری کے بعد پیدا ہونے والے ابہام کو دور کردیا اور ایگزیکٹو بورڈ نے متفقہ طور پر اولمپئن آصف باجوہ کو سیکریٹری پی ایچ ایف تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔

لاہور میں پی ایچ ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر کی زیر صدارت نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں ہوا جہاں بورڈ کے 14 اراکین نے شرکت کی۔

ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں خیبر پختونخوا کے رکن نے آصف باجوہ کا نام سیکریٹری کے طور پر پیش کیا اور سندھ ہاکی ایسوسی ایشن نے اس کی تائید کی۔

خیال رہے کہ پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر نے 4 مئی کو اعلان کیا تھا کہ اس وقت کے سیکریٹری شہباز سینئر نے استعفیٰ دیا تھا جس کو منظور کرتے ہوئے اولمپئن آصف باجوہ کو فیڈریشن کا نیا سیکریٹری نامزد کردیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:ہاکی فیڈریشن میں ڈرامائی صورتحال، شہباز سینئر اپنے ہی استعفے سے لاعلم

بعد ازاں اس وقت ڈرامائی صورت حال پیدا ہوئی تھی جب شہباز سینئر نے ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ میرے استعفے سے متعلق خبریں ٹی وی پر چلیں اور اخبارات میں شائع ہوئیں، جن پر میں خود حیران ہوں اور اس استعفے سے لاعلم ہوں۔

انہوں نے خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ 'میں نے کسی قسم کا استعفیٰ نہیں دیا لیکن میرے لیے سیکریٹری پی ایچ ایف کا عہدہ میری پاکستان کے لیے خدمات کے مقابلے میں کوئی بڑا تعارف نہیں ہے بلکہ اس ملک کے لیے جو کیا ہے وہی اصل میں میرا تعارف ہے۔'

ان کا کہنا تھا کہ 'میرے دل میں کسی عہدے کا کوئی لالچ نہیں، تاہم اگر کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ میں پی ایچ ایف میں کام نہ کروں تو میں بغیر کسی تصادم کے کام چھوڑ دوں گا، لیکن اس طرح مجھ سے منسوب کرکے بیانات چلانا غیر اخلاقی عمل ہے۔'

اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکریٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن آصف باجوہ کا کہنا تھا کہ ہاکی میں آج سے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے اور ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں ہاکی کے معاملات پر سیر حاصل گفتگو ہوئی ہے۔

آصف باجوہ کا کہنا تھا کہ ہاکی کی بحالی کے لیے تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلیں گے اور کوشش ہو گی کہ کلب ہاکی کو بحال کیا جائے جس کے لیے تمام تر اقدامات کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:شہباز سینئر کا استعفیٰ منظور، آصف باجوہ نئے سیکریٹری ہاکی فیڈریشن نامزد

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے نئے سیکریٹری نے کہا کہ آج ایگزیکٹو بورڈ اور صدر پی ایچ ایف سے خصوصی طور پر اجازت لی ہے کہ ہر تین ماہ بعد فیڈریشن کے اکاؤنٹس کی تفصیلات پی ایچ ایف کی ویب سائٹ پر جاری کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ ہاکی کو بحال کرنے پر توجہ دینے کے بجائے ہاکی فیڈریشن کے مالی معاملات پر زیادہ بات کی جاتی ہے، اسی صورت حال کے پیش نظر میں نے یہ فیصلہ کیا ہے۔

سیکریٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن نے تمام سابق اولمپئنز کو ساتھ لے کر چلنے کا عزم ظاہر کیا اور تمام سابق کھلاڑیوں کو دعوت دی کہ وہ مل بیٹھ کر ہاکی کی بحالی کے لیے مشورہ دیں۔

انہوں نے کہا میں سابق اولمپئنز سے ایک مرتبہ پھر درخواست کرتا ہوں کہ وہ ایک دوسرے کی پگڑیاں اچھالنے کا سلسلہ بند کریں اور ایک ساتھ مل کر ہاکی کی بحالی کے لیے کام کریں۔

آصف باجوہ نے عید کے فوری بعد قومی ہاکی چیمپئن شپ کروانے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ اس کی میزبانی کے حوالے سے آئندہ 10 روز میں اعلان کردیا جائے گا اور بہت جلد ملک میں پروفیشنل ہاکی لیگ کروائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ قومی ہاکی ٹیم کو ایک سال میں سرفہرست 10 ٹیموں اور پھر سرفہرست 4 ٹیموں میں شامل کروانا ہدف ہے اور اس کے لیے مکمل حکمت عملی بھی بنائی جائے گی۔

سیکریٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن کا کہنا تھا کہ 20 کروڑ عوام سے وعدہ کرتا ہوں کہ ہاکی کو اس کا کھویا ہوا وقار واپس دلائیں گے اور بین الاقوامی ہاکی میں میڈلز بھی جیت کر لائیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں