شکار پور: قومی شاہراہ پر ٹریفک حادثے میں 4 بچوں سمیت 11 جاں بحق

پولیس حکام کے مطابق حادثہ گاڑیوں کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا — فوٹو: ڈان نیوز
پولیس حکام کے مطابق حادثہ گاڑیوں کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا — فوٹو: ڈان نیوز

صوبہ سندھ کے علاقے شکارپور میں قومی شاہراہ پر 2 کاروں کے تصادم کے نتیجے میں 4 کم عمر بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوگئے۔

واقعے کے حوالے سے موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق شکارپور کے علاقے میں قومی شاہراہ کے قریب بھیو واہ کے مقام پر 2 تیز رفتار کاریں ٹکرا گئیں۔

حادثے کے نتیجے میں 4 کم عمر بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق ہوگئے ایک زخمی تشویش ناک حالت میں ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی: ’ٹریفک حادثات میں روزانہ 3 جاں بحق، 7 معذور‘

واقعے کے بعد پولیس اور ایدھی کی ایمولنس کو اطلاع دی گئی لیکن ان کے آنے میں تاخیر کے باعث موقع پر موجود افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں اور لاشوں کو متاثرہ گاڑیوں سے نکالا اور سول ہسپتال شکارپور منتقل کیا۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 4 سے 6 سال کے درمیان بتائی گئی ہے۔

ایس ایس پی شکارپور ساجد امیر سدزوئی کے مطابق حادثہ دونوں کاروں کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ہے، دونوں متاثرہ خاندانوں میں سے ایک خاندان کا تعلق جیک آباد سے تھا جو سکھر سے اپنے گاؤں جارہے تھے جبکہ دوسری گاڑی میں صوفی فنکار سوار تھے جو حضرت سچل سرمست کے عرس پر جارہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ: ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد ہلاک

انہوں نے بتایا کہ حادثے میں 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ بعد ازاں 6 افراد زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ واقعہ بہت ہی افسوس ناک ہے، حادثہ تیز رفتاری کا نتیجہ ہے جبکہ لاشوں کو سرد خانے میں رکھا گیا ہے اور ورثا کے رابطے اور شناخت کے بعد لاشیں حوالے کی جائیں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں