ہواوے کو امریکی پابندی پر عارضی ریلیف مل گیا

21 مئ 2019
امریکی محکمہ تجارت نے یہ بیان جاری کیا — اے ایف پی فوٹو
امریکی محکمہ تجارت نے یہ بیان جاری کیا — اے ایف پی فوٹو

امریکا نے عارضی طور پر ہواوے پر پابندی کے عمل کو کچھ عرصے کے لیے التوا میں ڈال دیا ہے۔

امریکی محکمہ تجارت کی جانب سے پیر کو کیے جانے والے اعلان کے مطابق چینی کمپین کو تجارتی پابندیوں سے 3 ماہ کا استثنیٰ دیا گیا ہے جو ٹیمپرری جنرل لائسنس (ٹی جی ایل)کی مہربانی کا نتیجہ ہے۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے گزشتہ ہفتے ہواوے کو بلیک لسٹ کیا گیا تھا جس کے تحت کمپنی کو پرزہ جات اور آلات امریکی حکومت کی منظوری کے بغیر خریدنے یا فروخت کرنے سے روک دیا گیا تھا۔

بعد ازاں گزشتہ روزاینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کی ملکیت رکھنے والی کمپنی گوگل نے بھی چینی کمپنی سے روابط منقطع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اب ٹی جی ایل کا نفاذ پیر سے ہوا ہے جس کے تحت ہواوے کے صارفین کو اپنے فونز پر سافٹ وئیر اپ ڈیٹس ملتی رہیں گی جبکہ کمپنی بھی امریکی سپلائرز سے پرزہ جات خرید سکے گی۔

امریکی سیکرٹری آف کامرس ولبر روس نے ایک بیان میں کہا ' یہ عارضی لائسنس آپریٹرز کو متبادل انتظامات کے لیے وقت فراہم کرتا ہے جبکہ محکمے کو اس دوران یہ تعین کرنے کا موقع مل سکے گا کہ وہ طویل المعیاد بنیادوں پر امریکی اور غیر ملکی ٹیلی کمیونیکشن کمپنیاں جو اس وقت ہواوے کے آلات پر انحصار کررہے ہیں، کے لیے انتظامات کرسکے'۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ لائسنس آپریٹز کو ہواوے موبائل فونزاور براڈ بینڈ نیٹ ورکس پر آپریشنز جاری رکھنے کی سہولت فراہم کرے گا'۔

امریکی پابندی کے بعد گوگل نے ہواوے کا اینڈرائیڈ لائسنس منسوخ کردیا تھا جبکہ چپ بنانے والی کمپنیاں یعنی انٹیل اور کوالکوم نے اپنی مصنوعات کی چینی کمپنی کو فراہمی معطل کردی تھی۔

دوسری جانب ایک بیان میں ہواوے نے صارفین کو یقین دہانی کرائی تھی کہ انہیں اس تمام تر تنازع کے باوجود سروسز سپورٹ کی فراہمی جاری رہے گی۔

بیان میں کہا گیا 'ہواوے سیکیورٹی اپ ڈیٹس اور آفٹر سیلز سروسز تمام ہواوے اور آنر اسمارٹ فونز اور ٹیبلیٹ مصنوعات پر جاری رکھے گی، ان میں وہ ڈیوائسز بھی شامل ہوں گی جو فروخت ہوچکی ہیں اور وہ بھی جو ابھی دنیا بھر میں اسٹاک میں موجود ہیں'۔

دوسری جانب بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق ہواوے نے گوگل پلے اسٹور کے مقابلے پر اپنے ایپ اسٹور کو دنیا بھر میں سامنے لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ہواوے نے اپنا ایپ اسٹور 2018 میں متعارف کرایا تھا اور کمپنی کے مطابق 5 کروڑ یورپی صارفین نے 2018 کے آخر تک اس گوگل پلے اسٹور کی جگہ ہواوے ایپ اسٹور کو استعمال کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں