نچلی ذات کے مزدورکی بیٹی لوک سبھا انتخابات میں کامیاب

25 مئ 2019
رامیا ہری داس نے پہلی بار انتخابات میں حصہ لیا—فوٹو: ٹوئٹر
رامیا ہری داس نے پہلی بار انتخابات میں حصہ لیا—فوٹو: ٹوئٹر

بھارت کے ایوان زیریں یعنی لوک سبھا انتخابات کے حتمی نتائج کا اعلان کردیا گیا جن کے تحت بھارتی جنتا پارٹی نے سب سے زیادہ 303 نشستیں حاصل کیں۔

اسی طرح دوسرے نمبر پر کانگریس ہے جس نے 52 نشستیں حاصل کیں۔

لوک سبھا میں اس بار جہاں 22 مسلمان امدوار کامیاب ہوئے ہیں وہیں اس بار ریکارڈ تعداد میں 78 خواتین بھی کامیاب ہوئیں۔

اس بار کامیاب ہونے والی 78 خواتین میں ہندوؤں کی انتہائی نچلی ذات سے تعلق رکھنے والے روزانہ اجرت پر کام کرنے والے مزدور کی بیٹی بھی کامیاب ہوئی ہے۔

جی ہاں، ریاست کیرالا کے لوک سبھا کے حلقے آلاتور سے دلت کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی 32 سالہ رامیا ہری داس نے منجھے ہوئے سیاستدانوں کو شکست دے کر ایک نئی تاریخ رقم کردی۔

دی کوئنٹ کے مطابق رامیا ہری داس ریاست کیرالا سے دلت کمیونٹی کی منتخب ہونے والی دوسری خاتون رکن لوک سبھا ہیں۔

رامیا ہری داس کا تعلق ہندوؤں کی نچلی ذات دلت سے ہے—فوٹو: نیو انڈین ایکسپریس
رامیا ہری داس کا تعلق ہندوؤں کی نچلی ذات دلت سے ہے—فوٹو: نیو انڈین ایکسپریس

رامیا ہری داس کو انڈین نیشنل کانگریس کی جانب سے ٹکٹ دیا گیا تھا اورپارٹی کے مرکزی رہنماؤں نے ریاست کے عوام کو ان کی مالی مدد کرنے کی اپیل بھی کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: لوک سبھا انتخابات میں ریکارڈ 78 خواتین ارکان کامیاب

رامیا ہری داس کو کانگریس کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت شارٹ لسٹ کیے جانے کے بعد صدر راہول گاندھی کی خصوصی ہدایت پر ٹکٹ دیا گیا تھا۔

سیاست میں انٹری دینے سے قبل رامیا ہری دس اپنی برادری کی پنچائت کے صدر کے فرائض سر انجام دے رہی تھیں، تاہم انہوں نے سیاست میں آنے سے قبل پنچائت کی صدارت چھوڑ دی تھی۔

رامیا ہری داس اپنی والدہ کے ساتھ—فوٹو: نیوز بگ
رامیا ہری داس اپنی والدہ کے ساتھ—فوٹو: نیوز بگ

رامیا ہری داس نے میوزک میں گریجوئیشن کر رکھا ہے جب کہ وہ زمانہ طالب علمی سے ہی سماجی کاموں کے حوالے سے متحرک رہتی تھیں۔

مزید پڑھیں: عام بھارتی خاتون نے طاقتور مرد سیاستدان کو شکست دے دی

رامیا ہری داس کے والد یومیہ اجرت پر کام کرنے والے عام مزدور ہیں جب کہ ان کی والدہ سلائی کا کام کرتی ہیں اور ان کا تعلق ریاست کیرالا کے ضلع کالیکٹ سے ہے۔

لوک سبھا انتخابات کے لیے نامزدگی فارم جمع کراتے وقت ان کے اثاثوں کی ملکیت 22 ہزار 816 روپے تھی۔

رامیا ہری داس کا مقابلہ منجھے ہوئے اور امیر سیاستدانوں سے تھا، انہوں نے جس حلقے سے انتخاب جیتا وہاں سے مجموعی طور پر 7 امیدوار میدان میں اترے تھے۔

رامیا ہری داس نے 5 لاکھ 33 ہزار 815 ووٹ حاصل کرکے کامیاب حاصل کی۔

رامیا ہری داس نے گھر گھر جا کر انتخابی مہم چلائی تھی—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
رامیا ہری داس نے گھر گھر جا کر انتخابی مہم چلائی تھی—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں