حکومت نے 514 قیدیوں کا جرمانہ ادا کر کے انہیں رہا کردیا

اپ ڈیٹ 27 مئ 2019
حکومت پنجاب 657 افراد کو رہا کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جس کا آغاز ہوچکا ہے—فائل فوٹوؒ رائٹرز
حکومت پنجاب 657 افراد کو رہا کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جس کا آغاز ہوچکا ہے—فائل فوٹوؒ رائٹرز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے متمول افراد کے دیے گئے عطیات کے ذریعے اکٹھے ہونے والے 38 لاکھ 20 ہزار روپے، 657 غریب قیدیوں کے دیت اور جرمانوں کی مد میں ادا کردیے، جس کے بعد بیشتر قیدیوں کو رہا کردیا گیا۔

واضح رہے کہ دیت اور جرمانوں کی ادائیگی کے بعد قیدیوں کی رہائی کے عمل کا آغاز ہوچکا ہے جس میں اب تک 514 قیدیوں کو رہا کیا جاچکا ہے جبکہ بقیہ 143 افراد کو عید سے قبل رہا کردیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی جیلوں سے پاکستانی قیدیوں کی رہائی، رمضان میں اچھی خبر ملنے کا امکان

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب حکومت معاشرے کے دیگر حصوں کے ساتھ مل کر قیدیوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کررہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے حقیقی صورتحال کا بذات خود جائزہ لینے کے لیے ذاتی طور پر پنجاب بھر میں جیلوں کے دورے کیے تاکہ زمینی حقائق کے مطابق فلاحی اقدامات اٹھائے جائیں۔

دوسری جانب وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے عثمان بزدار سے فون پر عوامی فلاح و بہبود اور ملکی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی۔

مزید پڑھیں: سندھ کابینہ اجلاس: عمر رسیدہ قیدیوں کی رہائی کی منظوری

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے ہر سطح پر سادگی کو فروغ دیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دستیاب وسائل کو منصفانہ طریقے سے استعمال کیا جائے گا تاکہ ہر شعبے کو ترقی کے یکساں موقع میسر ہوں۔

تبصرے (0) بند ہیں