فواد چوہدری نے چاند دیکھنے کی ایپلی کیشن 'دی رویت' متعارف کرادی

اپ ڈیٹ 31 مئ 2019
گوگل پلے اسٹور میں موجود ایپلی کیشن کا اسکرین شاٹ
گوگل پلے اسٹور میں موجود ایپلی کیشن کا اسکرین شاٹ

چاند کی رویت کے حوالے سے معلومات فراہم کرنے والی پاکستان کی پہلی ویب سائٹ کے بعد وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے چاند کے بارے میں مختلف معلومات فراہم کرنے والی موبائل ایپلی کیشن بھی متعارف کرادی۔

'دی رویت' کے نام سے ایپلی کیشن کو گوگل کے پلے اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔

گوگل پلے پر موجود ایپلی کیشن کے بارے میں معلومات میں بتایا گیا کہ 'دی رویت' کو وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے پاکستان میں چاند اور اس کی رویت کے حوالے سے معلومات حاصل کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔

اس ایپلی کیشن سے آپ چاند کی موجودہ و کسی بھی تاریخ پر عمر کے بارے میں معلومات حاصل کرسکتے ہیں — اسکرین شاٹ
اس ایپلی کیشن سے آپ چاند کی موجودہ و کسی بھی تاریخ پر عمر کے بارے میں معلومات حاصل کرسکتے ہیں — اسکرین شاٹ

اس ایپلی کیشن کے فیچرز یہ ہیں۔

  • چاند کی موجودہ عمر
  • اسلامی ہجری کیلنڈر
  • پاکستان میں کسی بھی مقام کی معلومات حاصل کرنا
  • اسلامی مہینوں کے حساب سے نئے چاند کی تفصیلات
  • چاند کے حساب سے کیلنڈر
  • چاند، سورج و تمام دیگر سیاروں کی پوزیشن کی معلومات

قبل ازیں سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وفاقی وزیر نے اعلان کیا تھا کہ چاند کی رویت کے لیے پاکستان کی ویب سائٹ (http://www.pakmoonsighting.pk/) لانچ کردی گئی ہے

20 مئی کو فواد چوہدری نے اعلان کیا تھا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے سائنسی بنیادوں پر چاند دیکھنے کے معاملے کے لیے قمری کیلنڈر تیار کرلیا، یہ قمری کیلنڈر 5 سال کے لیے تیار کیا گیا ہے اور 5 سال بعد اس کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 'کیلنڈر میں سائنسی طور پر بتایا گیا ہے جس میں پاکستان کی حدود میں چاند کن کن تاریخوں میں نظر آئے گا، غروب ہوگا اور اس پر گرہن کب لگے سے متعلق معلومات ہوں گی'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'قمری کیلنڈر سے متعلق اسلامی نظریاتی کونسل سے رائے لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ کیلنڈر جاری کرنے سے قبل علما سے بھی مشاورت کی جائے گی اور اس سلسلے میں مفتی منیب الرحمٰن اور مفتی شہاب الدین پوپلزئی کو دعوت دی جائے گی'۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں