خواجہ برادران کے خلاف ریفرنس دائر، کروڑوں روپے کی کرپشن کا الزام

31 مئ 2019
نیب لاہور نے پیراگون سٹی کیس میں سعد رفیق اور سلمان رفیق سمیت 5 ملزمان کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیا ہے۔ فائل فوٹو: ڈان نیوز
نیب لاہور نے پیراگون سٹی کیس میں سعد رفیق اور سلمان رفیق سمیت 5 ملزمان کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیا ہے۔ فائل فوٹو: ڈان نیوز

لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے پیراگون سٹی کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق سمیت 5 ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر کردیا۔

نیب لاہور نے ملزمان کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیا گیا ہے۔

نیب کی جانب سے دائر کیے گئے ریفرنس میں خواجہ سعد رفیق، خواجہ سلمان رفیق، عمر ضیا، ندیم ضیا اور فرحان علی کے نام شامل ہیں۔

احتساب عدالت کے جج جواد الحسن کی عدالت میں خواجہ برادران کے خلاف ریفرنس دائر کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل: نیب نے خواجہ برادران کو گرفتار کرلیا

نیب ریفرنس میں پیراگون سوسائٹی میں سادہ لوح شہریوں سے 59 کروڑ کے فراڈ کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

ریفرنس کے مطابق خواجہ برادران پیراگون سٹی میں 93.6 فیصد شیئرز کے مالک ہیں۔

نیب ریفرنس میں ملزمان کی جانب سے 50 کنال سے زائد کی سرکاری اراضی سوسائٹی میں شامل کرتے ہوئے کروڑوں روپے کے مالی فوائد حاصل کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔

نیب لاہور کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے پیراگون سٹی سے 5 کروڑ 80 لاکھ روپے مالیت کے فوائد حاصل کیے جبکہ خواجہ سلمان رفیق کی جانب سے 3 کروڑ 90 لاکھ روپے کے مالی فوائد حاصل کیے گئے۔

واضح رہے کہ دونوں ملزمان خواجہ سعد رفیق و سلمان رفیق اس وقت جوڈیشل ریمانڑ پر جیل میں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پیراگون ہاؤسنگ کیس: وعدہ معاف گواہ بننے پر قیصر امین بٹ کی ضمانت منظور

27 مئی کو قومی احتساب بیورو (نیب) کے وکیل نے لاہور ہائیکورٹ کو بتایا تھا کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی حمتی منظوری دی تھی۔

خواجہ برادران کی گرفتاری و ریمانڈ

واضح رہے کہ نیب نے پیراگون ہاؤسنگ سائٹی میں بڑے پیمانے پر خورد برد کی تحقیقات کا آغاز گزشتہ برس نومبر میں کیا تھا، اس حوالے سے کہا گیا تھا کہ مذکورہ سوسائٹی خواجہ سعد رفیق کی ہے جبکہ انہوں نے عدالت عظمیٰ میں سوسائٹی سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا۔

پیراگون سٹی کی ذیلی کمپنی بسم اللہ انجینئرنگ کے مالک شاہد شفیق کو جعلی دستاویزات کی بنیاد پر آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کا ٹھیکہ لینے کے الزام میں 24 فروری کو نیب نے گرفتار کیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ یہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ بسم اللہ انجینئرنگ کمپنی کی نااہلی کی وجہ سے حکومت کو 100 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔

11 دسمبر 2018 کو نیب نے پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں خواجہ برادران، خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق، کو ضمانت مسترد ہونے پر لاہور ہائیکورٹ سے حراست میں لے لیا تھا، خواجہ برداران نے پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں قبل ازگرفتاری ضمانت میں متعدد مرتبہ توسیع حاصل کی تھی۔

نیب نے دوسرے ہی روز خواجہ برادران کو لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا تھا، جہاں عدالت نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا تھا، بعد ازاں اس میں متعدد مرتبہ توسیع کی گئی اور 2 فروری 2019 کو انہیں جیل بھیج دیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں