گلوکارہ میڈونا کا ہاروی وائنسٹن پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام

میڈونا گذشتہ صدی کی مقبول ترین پاپ گلوکارہ ہیں—فوٹو: شٹر اسٹاک
میڈونا گذشتہ صدی کی مقبول ترین پاپ گلوکارہ ہیں—فوٹو: شٹر اسٹاک

گذشتہ صدی میں دنیا کی 25 بااثر خواتین اور سب سے معروف پاپ گلوکارہ کا درجہ رکھنے والی امریکی گلوکارہ، لکھاری و ہدایت کار 60 سالہ میڈونا نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بھی جنسی طور پر ہراساں کیا گیا۔

پاپ گلوکارہ میڈونا نے الزام عائد کیا ہے کہ ہولی وڈ پروڈیوسر 66 سالہ ہاروی وائنسٹن نے انہیں تین دہائیاں قبل اس وقت جنسی طور پر ہراساں کیا جب وہ ان کے ساتھ ایک دستاویزی فلم پر کام کر رہی تھیں۔

میڈونا نے ہاروی وائنسٹن پر ایک ایسے وقت میں جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا ہے جب کہ وہ دوسری الزام لگانے والی خواتین کے ساتھ معاہدہ کرنے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔

ہاروی وائنسٹن پر میڈونا سے قبل 100 کے قریب اداکاراؤں، گلوکاراؤں و دیگر خواتین نے جنسی طور پر ہراساں کرنے اور ریپ کے الزامات عائد کر رکھے ہیں اور ان کے خلاف کیسز زیر سماعت ہیں۔

ہاروی وائنسٹن پر امریکا کی مقامی عدالت نے جنسی جرائم کے تحت فرد جرم بھی عائد کر رکھی ہے اور وہ اس وقت ضمانت پر رہا ہیں۔

میڈونا نے نیویارک میں موسیقی اور رقص کی تعلیم و تربیت حاصل کی—فوٹو: شٹر اسٹاک
میڈونا نے نیویارک میں موسیقی اور رقص کی تعلیم و تربیت حاصل کی—فوٹو: شٹر اسٹاک

گزشتہ ماہ خبر سامنے آئی تھی کہ ہاروی وائنسٹن متعدد خواتین کے ساتھ پیسوں کے عوض معاہدہ کرنے کے قریب پہنچ چکے ہیں جس کے تحت ان کے خلاف سول مقدمات ختم ہوجائیں گے۔

یہ واضح نہیں ہے کہ ہاروی وائنسٹن کے ساتھ معاہدہ کرنے والی خواتین کون کون ہیں، تاہم رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہولی وڈ اداکارہ ایشلے جڈ نے واضح کیا تھا کہ وہ معاہدہ کرنے والی خواتین میں شامل نہیں۔

خواتین اور ہاروی وائنسٹن کے درمیان ہونے والے ممکنہ معاہدے سے قبل ہی دنیا کی معروف گلوکارہ، لکھاری و ڈائریکٹر میڈونا کی جانب سے جنسی ہراساں کے الزامات سامنے آنے کے بعد ان کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔

میڈونا کو 20 ویں صدی کی مقبول پاپ گلوکارہ کا اعزاز حاصل ہے—فوٹو: شٹر اسٹاک
میڈونا کو 20 ویں صدی کی مقبول پاپ گلوکارہ کا اعزاز حاصل ہے—فوٹو: شٹر اسٹاک

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے میگزین کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں میڈونا نے انکشاف کیا کہ ہاروی وائنسٹن نے انہیں 1991 میں اس وقت جنسی طور پر ہراساں کیا جب وہ ان کے ساتھ ایک دستاویزی فلم پر کام کر رہی تھیں۔

میڈونا نے بتایا کہ ہاروی وائنسٹن نے اپنی حدود کو پار کیا اور ان کے ساتھ انتہائی قریب ہوکر شہوت پرست ہونے کی کوشش کی۔

گلوکارہ و لکھاری کا کہنا تھا کہ جس وقت ہاروی وائنسٹن ان کی جانب سے جنسی طور پر راغب ہوئے اس وقت وہ شادی شدہ تھے اور انہیں ان میں کوئی بھی دلچسپی نہیں تھی اور انہیں ان کا انداز بھی غلط لگا۔

میڈونا نے اعتراف کیا کہ وہ اس وقت بھی جانتی تھیں کہ ہاروی وائنسٹن نے ان کے علاوہ بھی دیگر کئی خواتین کے ساتھ ایسا ہی کیا ہے، لیکن چوں کہ وہ طاقتور تھے اور انڈسٹری میں ان کا بڑا نام تھا تو ہر کوئی مجبوری کے تحت ان کے ساتھ کام کرکے اپنا مقام بنانے کی کوشش کر رہا تھا۔

گلوکارہ کا شمار امیر ترین گلوکاراؤں میں ہوتا ہے—فوٹو: شٹر اسٹاک
گلوکارہ کا شمار امیر ترین گلوکاراؤں میں ہوتا ہے—فوٹو: شٹر اسٹاک

میڈونا نے خصوصی انٹرویو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر بات کرنے سمیت اپنے کیریئر پر بھی بات کی۔

میڈونا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی خواتین کا احترام نہ کرنے والا شخص قرار دیا۔

ساتھ ہی میڈونا نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ کئی سال بعد ہاروی وائنسٹن کے خلاف خواتین سامنے آئیں اور اب ان کے خلاف مقدمات بھی زیر سماعت ہیں۔

دوسری جانب ہاروی وائنسٹن نے میڈونا کے الزامات کو جھوٹا اور حیران کن قرار دیا ہے۔

’بی بی سی‘ کے مطابق ہاروی وائنسٹن نے میڈونا کے الزامات پر جاری کیے گئے بیان میں گلوکارہ کے الزامات کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے اور گلوکارہ کے تعلقات ایسے نہیں تھے جیسے میڈونا نے بتائے۔

میڈونا نے موسیقی کی دنیا میں بھی نئے ٹرینڈز متعارف کرائے—فوٹو: شٹر اسٹاک
میڈونا نے موسیقی کی دنیا میں بھی نئے ٹرینڈز متعارف کرائے—فوٹو: شٹر اسٹاک

ہاروی وائنسٹن نے میڈونا کے الزامات پر حیرانگی کا اظہار بھی کیا اور دعویٰ کیا کہ ان دونوں کے تعلقات اچھے اور دوستانہ تھے۔

خیال رہے کہ 61 سالہ میڈونا اپنے وقت کی اور گذشتہ صدی کی سب سے مقبول ترین گلوکارہ ہیں۔

گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق وہ گذشتہ صدی کی دنیا کی 25 بااثر خواتین میں سے بھی ایک ہیں اور انہوں نے کئی دہائیوں تک پاپ موسیقی پر بادشاہی کی۔

وہ امریکی ریاست مشی گن میں اگست 1958 میں پیدا ہوئیں اور چند سال بعد موسیقی اور رقص کی تربیت کے لیے نیویارک منتقل ہوگئیں۔

میڈونا کو کثیر الثقافت گلوکارہ بھی کہا جاتا ہے—فوٹو: شٹر اسٹاک
میڈونا کو کثیر الثقافت گلوکارہ بھی کہا جاتا ہے—فوٹو: شٹر اسٹاک

میڈونا نے 1980 میں کیریئر کا آغاز کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے امریکا کے بعد یورپ اور پھر دنیا بھر میں مشہور ہوگئیں اور انہیں ’پاپ موسیقی کی ملکہ‘ کہا جانے لگا۔

میڈونا نے انتہائی پرتعیش، رنگین اور پرکیف زندگی گزاری اور دنیا میں فیشن کے نت نئے ٹرینڈز متعارف کرائے۔

میڈونا نے پہلی شادی 1985 میں اپنے کیریئر کے آغاز اور ہولی وڈ میں انٹری کے وقت اداکارہ سین جسٹن پین سے کی، تاہم 4 سال بعد 1989 میں دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی۔

میڈونا نے دوسری شادی 2000 میں فلم پروڈیوسر و ہدایت کار اسٹارٹ رچی سے کی اور دونوں کی شادی 8 سال چلنے کے بعد 2008 میں طلاق پر ختم ہوئی۔

میڈونا نے تین بچے گود لے رکھے ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
میڈونا نے تین بچے گود لے رکھے ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

میڈونا نے دو شادیاں کیں، تاہم ان کے تعلقات متعدد اداکاروں اور گلوکاروں سمیت صنعت کاروں سے بھی رہے۔

میڈونا کی سب سے بڑی بیٹی لیورڈس لیون 1996 میں پیدا ہوئیں، اس وقت گلوکارہ کے تعلقات کیوبن اداکار کارلوس لیون سے تھے۔

میڈونا کے بڑے بیٹے روکو رچی کی عمر 18 برس ہے اور وہ اسٹارٹ رچی کے بیٹے ہیں، گلوکارہ کو اسٹارٹ رچی سے 13 سالہ دوسرا بیٹا بھی ہے۔

گلوکارہ میڈونا نے تین بچوں کو گود بھی لے رکھا ہے اور وہ مجموعی طور پر 6 بچوں کی پرورش کرتی ہیں۔

میڈونا اب بھی اسٹیج پر پرفارمنس کرتی ہیں—فوٹو: شٹر اسٹاک
میڈونا اب بھی اسٹیج پر پرفارمنس کرتی ہیں—فوٹو: شٹر اسٹاک

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں