دبئی: بس حادثے میں 12 بھارتی مزدوروں سمیت 17 افراد ہلاک
دبئی کے رشیدیہ میٹرو اسٹیشن کے ایک ٹریفک سگنل میں مسافر بس کو پیش آنے والے حادثے میں 12 بھارتی سمیت 17 افراد ہلاک ہو گئے۔
خلیج ٹائمز میں شائع رپورٹ کے مطابق بس میں مجموعی طور پر 31 افراد سوار تھے اور یہ واقعہ الرشیدہ کے مقام پر پیش آیا۔
یہ بھی پڑھیں: دبئی میں سال نو کی تقریبات،ہوٹل میں آتشزدگی
میڈیا کے مطابق 4 بھارتی باشندوں کو طبی امداد کے بعد ہسپتال سے فارغ کردیا گیا۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ سماجی ورکرز کے محکمے نے 7 بھارتیوں کے ڈیتھ سرٹیفیکٹ جاری کردیے جبکہ دیگر کے جلد ہی کردیے جائیں گے۔
ٹوئٹر پر ایک صارف نے تصویر شیئر کی جس میں تحریر تھا کہ بس حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے دوست اور رشتے الرشیدہ پولیس اسٹیشن کے باہر انتظار کررہے ہیں۔
پولیس نے حادثے کے متعلق بتایا کہ ’عمانی بس ڈرائیورالرشیدہ میٹروبس اسٹیشن کے قریب تھا جہاں اسے ورکرز کو اتارنا تھا تاہم اسٹاپ سے محض ایک سگنل پہلے تیز رفتار بس سگنل پر لگے سائن بورڈ سے ٹکراگئی‘۔
پولیس کے مطابق ’زخمی ہونے والے ڈرائیور نے بیان دیا کہ دھوپ سے بچنے کے لیے اس نے شیشے کے اوپری حصے پر کپڑا لگا دیا تھا جس کے باعث سائن بورڈ نظر نہیں آیا۔
مزیدپڑھیں: دبئی ایئرپورٹ پر چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، 2 افراد ہلاک
دبئی میں بھارتی قونصل جنرل ویپان نے حادثے میں ہلاک ہونے والے ورکرز کی تصدیق کردی۔
انہوں نے بتایا کہ ہماری ٹیمیں دبئی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ لاشوں کو فوری طور پر بھارت منتقل کیا جاسکے۔











لائیو ٹی وی