وفاقی بجٹ: چینی ، خوردنی تیل، سیمنٹ مہنگی

11 جون 2019
چینی کی قیمت میں بھی اضافہ ہوجائے گا—فائل/فوٹو:ڈان
چینی کی قیمت میں بھی اضافہ ہوجائے گا—فائل/فوٹو:ڈان
وفاقی حکومت کی تجویز پر خوردنی تیل مزید مہنگا ہوجائے گا—فائل/فوٹو:ڈان
وفاقی حکومت کی تجویز پر خوردنی تیل مزید مہنگا ہوجائے گا—فائل/فوٹو:ڈان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی وفاقی حکومت نے مالی سال 20-2019 کے لیے چینی کی سیلز ٹیکس میں 17 فیصد اضافے کی تجویز پیش کردی ہے جس کے نتیجے میں فی کلو 3 روپے 65 پیسے کا اضافہ متوقع ہے اس کے علاوہ خوردنی تیل اور سیمنٹ بھی مہنگی ہوجائےگی۔

وزیر مملکت ریونیو نے قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت چینی پر 8 فیصد سیلز ٹیکس عائد ہے جبکہ اس شعبےمیں وسیع معاشی مواقع موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس شعبے میں جمع ہونے والا ٹیکس صرف 18 ارب روپے ہے جو اس کی حقیقی صلاحیت سے بہت کم ہے۔

حماد اظہر نے کہا کہ ٹیکس میں موجود خلا کو کم کرنے اور اس کے ریٹ کو دیگر اشیا سے ہم آہنگ کرنے کے لیے چینی پر سیلز ٹیکس کو بڑھا کر 17 فیصد کردیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ چینی کے سیلز ٹیکس کے ریٹ میں اس اضافے کے اثر سے صارفین کو جزوی طور پر بچانے کے لیے یہ تجویز ہے کہ چینی کو ان اشیا سے نکال دیا جائے جن کی غیر رجسٹڑڈ افراد کو فروخت سے اضٓفی 3 فیصد ٹیکس ادا کرنا پڑتا ہے۔

مزید پڑھیں:مالی سال 20-2019 کیلئے 70 کھرب 36 ارب روپے کا بجٹ پیش

چینی کی قیمت میں اضافے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کے نتیجے میں امید ہے کہ چینی کی قیمت میں صرف 3 روپے 65 فیصد روپے فی کلو گرام اضافہ ہوگا۔

خوردنی تیل پر ایکسائز ڈیوٹی بڑھانے کی تجویز

وزیر مملکت نے کہا کہ بناسپتی گھی اور کوکنگ آئل پر صرف فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد ہے، پیداکاروں کو ویلیو ایڈیشن پر ایک روپے فی کلوگرام کے حساب سے اور درآمد شدہ خوردنی تیل سیڈز کی ویلیو ایڈیشن پر 40 روپے فی کلوگرام کے حساب ٹیکس ادا کرنا پڑتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس کی محصولات اصل صلاحیت کے مقابلے میں انتہائی کم ہے حالانکہ خوردنی تیل کی 27 فیصد پیداوار مقامی ہے اور مقامی پیداوار پر صرف 50 کروڑ ٹیکس وصول ہوا ہے اور درآمد پر اس ٹیکس کی مقدار 42 ارب روپے ہے۔

مالی سال کے بجٹ میں تجویز پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تجویز ہے کہ خوردنی تیل پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی بڑھا کر 17 فیصد کردی جائے اور ویلیو ایڈیشن ٹیکس کے بدلے میں ایک روپے فی کلوگرام ٹیکس کو بھی ختم کردیا جائے۔

وفاقی حکومت نے خوردنی تیل کے بیجوں پر رعایتی ریٹس کو بھی ختم کرنے کی تجویز دی ہے۔

حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ایسا گھی یا کوکنگ آئل جو ریٹیل پیکنگ میں کسی برانڈ نام سے فروخت ہوتا ہے اس کے لیے تجویز ہے کہ ریٹیل پرائس کے 17 فیصد کے برابر سیلز ٹیکس عائد کیا جائے۔

خوردنی تیل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سیلز ٹیکس کی مد میں معمول کی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی قانون کو بحال کیا جائے۔

سیمنٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں اضافہ

وزیر مملکت ریونیو حماد اظہر سیمنٹ کی قیمتوں میں مزید اضافے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ سیمنٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ایک روپے 50 پیسے فی کلوگرام کے حساب سے نافذ العمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ تجویز ہے کہ سیمنٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی بڑھا کر 2 روپے فی کلوگرام کردی جائے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں