کراچی میں پارہ 42 ڈگری تک جانے کا امکان، ہیٹ ویو کا خدشہ

اپ ڈیٹ 13 جون 2019
محکمہ موسمیات نے کراچی میں آندھی اور بارش کی پیش گوئی کردی — فائل فوٹو/ اے ایف پی
محکمہ موسمیات نے کراچی میں آندھی اور بارش کی پیش گوئی کردی — فائل فوٹو/ اے ایف پی

ملک کے دیگر علاقوں کی طرح کراچی میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے اور محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت جنوب مشرقی سندھ میں آندھی اور بارش کی پیش گوئی بھی کی ہے۔

کراچی میں گزشتہ روز پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا جب کہ آج (بروز جمعرات) گرمی کی شدت مزید بڑھنے اور پارہ 42 ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی لہر مزید 2 دن جاری رہے گی، کراچی میں دوپہر کے وقت آندھی کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ سمندری طوفان کا رخ تبدیل ہونے سے کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں لیکن ٹھٹھہ اور بدین سمیت سندھ کی ساحلی پٹی پر بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں گرمی کی لہر برقرار، درجہ حرارت 39 ڈگری تک جانے کا امکان

علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے ایک مرتبہ پھر کراچی میں ہیٹ ویو کا خطرہ ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ ہوا میں نمی کا تناسب 43 فیصد ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ طوفان 'وایو' کراچی کے جنوب مشرق میں 540 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے اور جنوب مشرق سے گردآلود ہواؤں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

ادارے نے مزید بتایا کہ سمندری طوفان سے پاکستان کے کسی حصے کے متاثر ہونے کا خدشہ نہیں تاہم محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو گہرے پانی کی جانب نہ جانے کی ہدایت کی۔

کراچی کے موسم کے حوالے سے ادارے نے مزید بتایا کہ ہوا کی رفتار 10 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے سندھ کے علاقوں، میرپورخاص، حیدر آباد اور کراچی ڈویژن میں کہیں کہیں تیز ہوا، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے، اس کے علاوہ وسطی و جنوبی پنجاب اور مشرقی بلوچستان میں بھی شدید گرمی کا راج برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں 2 روز تک شدید گرمی کا امکان، ہسپتالوں کو ہدایات جاری

گزشتہ روز سب سے زیادہ گرمی لاڑکانہ میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی تھی۔

گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے بتایا تھا کہ بحیرہ عرب میں آئندہ 24 گھنٹوں میں بننے والا ہوا کا کم دباؤ سمندری طوفان میں تبدیل ہوسکتا ہے اور طوفان کے بننے کے بعد اس کے رخ کا تعین ہو گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کا رخ بھارت، عمان یا پھر کراچی کی جانب ہوسکتا ہے، ادارے نے مزید بتایا تھا کہ طوفان کا مرکز کراچی سے 1500 کلومیٹر دور بحیرہ عرب میں ہے اور یہ آئندہ 36 گھنٹے میں شمال مغرب کی جانب بڑھے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں