ڈونلڈ ٹرمپ کا دوسری مدت کیلئے انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز

اپ ڈیٹ 20 جون 2019
امریکی صدر کے مطابق مخالف ڈیموکریٹس ملک کو تباہ کرنا چاہتے ہیں — فوٹو: اے ایف پی
امریکی صدر کے مطابق مخالف ڈیموکریٹس ملک کو تباہ کرنا چاہتے ہیں — فوٹو: اے ایف پی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2020 میں ہونے والے آئندہ صدارتی انتخابات میں دوسری مدت کے لیے انتخابی مہم کا آغاز کردیا۔

ڈان اخبار میں غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا گیا کہ گذشتہ شب 20 ہزار افراد کے مجمع سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی معیشت پر دنیا رشک کرتی ہے اور ساتھ ہی خبردار کیا کہ مخالف ڈیموکریٹ ملک کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے فلوریڈا کے شہر اورلینڈو میں ’بیلیٹ باکس میں زلزلے کا وعدہ' کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے یہ ایک مرتبہ کیا اور اب ہم دوبارہ کرنے جارہے ہیں اور اس مرتبہ ہم اپنا فرض پورا کریں گے۔

امریکی صدر نے کہا کہ ہماری معیشت پر پوری دنیا رشک کرتی ہے، ٹرمپ پُرامید ہیں ملازمتوں میں اضافے کی وجہ سے ملک میں انہیں دوسری مدت کے لیے منتخب ہونے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم امریکا کو ایک مرتبہ پھر عظیم بنانے جارہے ہیں، ہم اسے ہمیشہ سے بہتر عظیم رکھیں گے‘۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’اور یہی وجہ ہے کہ میں آج رات آپ کے سامنے باضابطہ طور پر دوسری مدت کے لیے اپنی مہم کا آغاز کررہا ہوں‘۔

مزید پڑھیں: امریکی صدر نے جنرل مارک میلے کو نیا آرمی چیف نامزد کردیا

امریکی صدر نے بارہا ہجوم میں موجود افراد کو تقریب کی کوریج کرنے والے صحافیوں کو ’جعلی خبریں‘ قرار دیتے ہوئے انہیں روکنے کا کہا۔

انہوں نے کہا کہ ری پبلکن سے ڈیموکریٹ میں شامل ہونے والے، ملک کو توڑنا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا ہم جانتے ہیں وہ آپ کو اور آپ کے ملک کو تباہ کرنا چاہتے ہیں، ’یہ قبول نہیں، ایسا نہیں ہونے جارہا‘۔

خیال رہے کہ رائے عامہ کے ابتدائی نتائج کے مطابق امریکی صدر کو انتخابی دوڑ میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ٹرمپ پر مخالفین کی جانب سے بڑے پیمانے پر کرپشن کا الزام عائد کیا جاتا ہے، تاہم انہوں نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک عظیم سیاسی تحریک کے ذریعے کرپٹ سیاسی نظام کا خاتمہ کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ باضابطہ طور پر صدارتی امیدوار نامزد

گذشتہ روز اورلینڈو میں امریکی صدر کے حامی پہلی صف میں بیٹھنے کے لیے دن بھر انتظار کرتے رہے، ایک مداح ڈیوڈ ملیونی نے کہا کہ ’یہ ایک تاریخی تقریب ہے، ہم اسے کسی چیز کے لیے چھوڑنا نہیں چاہتے‘۔

خیال رہے کہ اگر ٹرمپ ڈیموکریٹ کے نامزد کیے جانے والے رکن کو شکست دینا چاہتے ہیں تو اس میں فلوریڈا اہم ریاست ہے اور انتخابی ریلی کے آغاز سے قبل انہوں نے پوپلسٹ نیشنلسٹ پلیٹ فارم پر اہم مسائل پر روشنی ڈالی۔

دو روز قبل امریکی صدر نے ہمیشہ کی طرح سماجی روابط کی ویب سائٹ پر کیے گئے ٹوئٹ میں کرنسی میں ساز باز کرنے پر یورپی یونین پر تنقید کی، جس کی وجہ سے امریکی اتحادیوں کے لیے تجارت غیر منصفانہ طور پر آسانی ہوگئی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کہ توجہ، دوسرے اہم مسائل جیسے کہ غیرقانونی امیگریشن پر بھی مرکوز ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں