وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی نعیم الحق کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹنڈولکر کی پرانی تصویر کو عمران خان کی 1969 کی تصویر بنا کر پیش کرنے پر صارفین نے ان کا مذاق اڑایا۔

نعیم الحق نے دھندلی سے تصویر کے ساتھ لکھا تھا کہ یہ تصویر عمران خان کی 1969 کی تصویر ہے، تاہم سوشل میڈیا صارفین نے ان کی خوب تصحیح کی۔

ٹویٹر صارفین نے نعیم الحق کی ٹویٹ پر دلچسپ تبصرے کیے اور عمران خان سمیت متعدد شخصیات کی تصاویر کو ٹنڈولکر اور دیگر سے ملایا۔

ایک صارف نے قومی ٹیم کے موجودہ کپتان سرفراز احمد کو بھی اس بحث میں شامل کیا اور اسی طرح کئی سابق کھلاڑی اور سیاست دان بھی سوشل میڈیا صارفین کے مذاق کا حصہ بن گئے۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے نعیم الحق کو جواب میں واضح کیا کہ یہ سچن ٹنڈولکر کی ممبئی کے آزاد میدان میں کھینچی گئی تصویر ہے جس پر کامران مظفر نامی شہری نے مزید لکھا کہ ‘سنیل گواسکر نے ٹنڈولکر کو خاص پیڈز کا تحفہ دیا تھا’۔

حمزہ نامی کرکٹ کے مداح نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی تصویر شیئر کرکے کیپشن میں لکھا کہ ‘وزیراعلیٰ وسیم اکرم 2019’۔

کئی افراد نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس جھوٹ کو نہ صرف پسند کیا جارہا ہے بلکہ اس کو آگے بڑھا کر اس بات کا ثبوت دے رہے ہیں کہ پی ٹی آئی کے حوالے سے سب کچھ جھوٹ ہے، یہاں تک کہ یہ حکومت ہو یا میڈیا کی حکمت عملی ہو۔

صارف محمد زیبر نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی بیٹنگ کرتے ہوئے تصویر کے ساتھ لکھا ‘سر ڈونلڈ جارج بریڈمین 1930 میں ایشز سیریز کے لیے دورہ انگلینڈ میں اوول کے میدان میں’۔

سردار عالم نامی صارف نے اپنے تبصرے میں لکھا ‘ٹیگور کی خلیل جبران کے کاؤنٹر سے فروخت کے بعد پیش خدمت ہے، سچن ٹنڈولکر اب عمران خان کی پیکنگ میں، پوری کی پوری جماعت کی جغرافیہ، ریاضی، تاریخ اور کرکٹ پر معلومات گُڈ مڈ ہوگئی ہے’۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ‘وزیراعظم کے خلیل جبران پر حملے کے بعد پیشِ خدمت ہے نعیم الحق کا سچن ٹنڈولکر پر حملہ’۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں