والدین نے اپنے بیٹے کا نام 'گوگل' کیوں رکھ دیا؟

والدین کو امید ہے کہ 'گوگل' بڑے ہوکر لوگوں کے کام آئے گا —فوٹو/ اسکرین شاٹ
والدین کو امید ہے کہ 'گوگل' بڑے ہوکر لوگوں کے کام آئے گا —فوٹو/ اسکرین شاٹ

والدین اپنے بچوں کا نام رکھتے ہوئے دو باتوں پر سب سے زیادہ توجہ دیتے ہیں، پہلی کہ یہ نام سب سے منفرد ہو جبکہ دوسری کہ اس کے معنے کا اثر ان کی اولاد پر اچھا پڑے، لیکن ایک جوڑا ایسا بھی ہے جسے اپنے بچے کا سب سے عجیب نام رکھنے کا اعزاز مل گیا۔

میشیبل کی رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والے ایک جوڑے نے اپنے بیٹے کا نام سرچ انجن گوگل پر رکھ دیا۔

31 سالہ اینڈی اور 27 سالہ ایلا نے اپنے بیٹے کا اتنا عجیب نام رکھ کر اپنے خاندان میں سب کو حیران کردیا جوڑے کے مطابق انہوں نے ایک خاص وجہ سے اپنے بیٹے کو گوگل نام دیا۔

ایک انٹرویو میں ایندی نے بتایا کہ وہ ہمیشہ سے اپنے بیٹے کو کسی ٹیکنالوجی سے تعلق رکھنے والی کمپنی کا نام دینا چاہتے تھے تاہم وہ فیصلہ نہیں کرپارہے تھے۔

البتہ جب پیدائش کے بعد انہوں نے اپنے بیٹے کو دیکھا تو اس ہی وقت فیصلہ کرلیا کہ وہ اسے گوگل پکاریں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 'میں نے مائیکروسافٹ، آئی فون، آئی او ایس، ونڈوز اور ایسے کئی ناموں پر غور کیا، لیکن جب میرا بیٹا اس دنیا میں آیا، تو مجھے احساس ہوگیا کہ اس کے لیے کونسا نام بہتر رہے گا'۔

جوڑے کے مطابق اپنے بیٹے کو گوگل نام دینے کے فیصلے پر انہیں خاندان اور دوستوں کی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

مزید پڑھیں: گوگل سرچ میں چھپی اس دلچسپ ٹِرک کو آزما کر دیکھا؟

جبکہ اینڈی کے والد نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ وہ بچے کو 'سر نیم' بھی دیں، البتہ ان دونوں نے اپنے بیٹے کا نام صرف گوگل ہی رکھا۔

اینڈی اور ایلا کے مطابق انہوں نے اپنے بیٹے کو گوگل نام اس لیے دیا کہ وہ آگے جاکر لوگوں کی مدد کرے اور ان کے کام آسکے، بالکل اس ہی طرح جس طرح آج گوگل دنیا بھر میں لوگوں کی مدد کررہا ہے۔

ایلا کا کہنا تھا کہ 'مجھے امید ہے میرا بیٹا بڑے ہوکر ایک لیڈر بنے گا، جسے لوگ فالو کریں گے'۔

تبصرے (0) بند ہیں