کیون اسپیسی پر ’ریپ‘ الزام لگانے والے شخص نے کیس واپس لے لیا

08 جولائ 2019
اداکار پر لڑکے کے ریپ کا الزام بھی عائد کیا جا چکا ہے—فوٹو: رائٹرز
اداکار پر لڑکے کے ریپ کا الزام بھی عائد کیا جا چکا ہے—فوٹو: رائٹرز

آسکر ایوارڈ یافتہ ہولی وڈ اداکار 59 سالہ کیون اسپیسی پر جنسی طور پر ہراساں کرنے اور ریپ کا الزام لگانے والے شخص نے اداکار کے خلاف دائر کیا گیا مقمہ واپس لے لیا۔

کیون اسپیسی پر مجموعی طور پر 30 مرد و خواتین نے جنسی طور پر ہراساں کرنے اور ’ریپ‘ کا نشانہ بنانے کے الزامات عائد کر رکھے ہیں۔

کیون اسپیسی پر نابالغ لڑکے کے ساتھ زبردستی کرنے کے الزام میں امریکی عدالت نے الزام بھی عائد کر رکھا ہے، تاہم اسی کیس میں ان پر تاحال فرد جرم عائد نہیں کی جاسکی۔

کیون اسپیسی کے خلاف امریکی عدالتوں میں جنسی جرائم کے تحت فوجداری اور سول مقدمات زیر سماعت ہیں۔

آسکر ایوارڈ یافتہ پر امریکی ریاست میساچوٹس کی عدالت نے نشے کی حالت میں 2016 میں ایک 18 سالہ لڑکے کا ریپ کرنے کی کوشش کا الزام عائد کر رکھا ہے اور اس کیس کی سماعتیں جاری ہیں، تاہم تاحال ان پر فرد جرم عائد نہیں کی جاسکی۔

داکار پر الزام ہے کہ انہوں نے جولائی 2016 میں امریکی ریاست میساچوٹس کی کاؤنٹی نینٹو کیٹ کے ایک کلب کے باہر نشے کی حالت میں ان کے 18 سالہ بیٹے پر جنسی حملہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ہولی وڈ اداکار پر لڑکے پر جنسی حملہ کرنے کا الزام عائد

اداکار پر اکتوبر 2017 میں سابق مقامی نیوزاینکر ہیتھر انراہ نے الزام عائد کیا تھا کہ کیون اسپیسی نے ان کے بیٹے کے ساتھ زبردستی کرنے کی کوشش کی۔

نیوز اینکر نے دعویٰ کیا تھا کہ اداکار نے ان کے بیٹے کی پینٹ اتارنے کے بعد ان کے ساتھ زبردستی کرنے کی کوشش کی اوران کے بیٹے نے خوف اور ڈر کی وجہ سے واقعے کی رپورٹ درج نہیں کروائی۔

اداکار پر سابق نیوز اینکر ہیتھر انفراہ نے بیٹے کا ریپ کرنے کی کوشش کا مقدمہ دائر کر رکھا ہے—فوٹو: بی بی سی
اداکار پر سابق نیوز اینکر ہیتھر انفراہ نے بیٹے کا ریپ کرنے کی کوشش کا مقدمہ دائر کر رکھا ہے—فوٹو: بی بی سی

کیون اسپیسی پر 18 سالہ لڑکے کے ریپ کے علاوہ بھی دیگر خواتین اور ساتھی اداکاروں نے جنسی طور پر ہراساں اور ریپ کے الزام عائد کر رکھے ہیں۔

کیون اسپیسی پر ساتھی اداکار اینتھونی رپ نے بھی ریپ کا الزام عائد کر رکھا ہے۔

اینتھونی رپ کے مطابق جب ان کی 14 سال تھی اس وقت کیون اسپیسی نے انہیں ریپ کا نشانہ بنایا اور اس وقت کیون کی عمر 26 سال تھی۔

اینتونی رپ کے علاوہ کیون اسپیسی پر ان کے نیٹ فلیکس کے معروف ڈرامے ہاؤس آف کارڈز کی اداکاراؤں اور ٹیم میں شامل 8 خواتین نے بھی جنسی ہراساں کے الزامات عائد کر رکھے ہیں اور ان پر مجموعی طور پر 30 افراد نے جنسی جرائم کے الزامات لگا رکھے ہیں۔

ان ہی الزامات کے تحت اداکار کے خلاف جہاں فوجداری مقدمات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں، وہیں ان کے خلاف سول مقدمات بھی چل رہے ہیں۔

تاہم اب کیون اسپیسی کے خلاف جنسی طور پر ہراساں کرنے کا سول مقدمہ دائر کرنے والے ایک مرد نے اداکار کے خلاف اپنا مقدمہ واپس لے لیا۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق کیون اسپیسی کے خلاف سول مقدمہ دائر کرنے والے شخص کے وکیل نے بتایا کہ ان کے مؤکل نے رضاکارانہ طور پر مقدمہ واپس لیا۔

مزید پڑھیں: لڑکے کا ’ریپ‘ کرنے پر کیون اسپیسی پر 5 سال قید کی تلوار لٹکنے لگی

وکیل نے اپنے مؤکل کی تفصیل بتانے سے گریز کیا، تاہم انہوں نے بتایا کہ ان کے مؤکل نے کیون اسپیسی کے خلاف ریاست میساچوٹس کی نینٹوکیٹ کاؤنٹی کی عدالت میں سول مقدمہ دائر کر رکھا تھا، جسے ختم کرنے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کردی گئی۔

وکیل کے مطابق ان کے مؤکل نے رضاکارانہ طور پر کیون اسپیسی کے خلاف مقدمہ واپس لیا۔

مقدمہ واپس لینے والے متاثر شخص کے وکیل نے کیون اسپیسی کے خلاف جنسی جرائم کے تحت چلنے والے دیگر فوجداری اور سول مقدمات پر بات کرنے سے گریز کیا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق سول مقدمہ واپس لینے سے اداکار کے فوجداری مقدمات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور اگر ان پر فوجداری مقدمے کے تحت الزام ثابت ہوگیا تو انہیں پانچ سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

الزامات کے بعد کیون اسپیسی کو ہاؤس آف کارڈز ڈرامے سے خارج کردیا گیا تھا—اسکرین شاٹ
الزامات کے بعد کیون اسپیسی کو ہاؤس آف کارڈز ڈرامے سے خارج کردیا گیا تھا—اسکرین شاٹ

تبصرے (0) بند ہیں