جویریہ عباسی نے سعدیہ امام کو جانی دشمن کیوں ٹھہرا دیا؟

اپ ڈیٹ 09 جولائ 2019
اداکارہ نے وسیم بادامی کے شو میں شریک ہوکر یہ بیانات دیے —فوٹو/ اسکرین شاٹ
اداکارہ نے وسیم بادامی کے شو میں شریک ہوکر یہ بیانات دیے —فوٹو/ اسکرین شاٹ

ایک دور تھا جب اداکاراؤں کو ہمیشہ ایک دوسرے کے مدمقابل سمجھا جاتا تھا اور تصور کیا جاتا تھا کہ کوئی ایک اداکارہ ہی نمبر ون پر جگہ بنا سکتی ہے تاہم آج شوبز انڈسٹری میں نوجوان اداکارائیں ایک دوسرے سے مقابلے کے بجائے ایک دوسرے کا ساتھ دیتی نظر آتی ہیں۔

تاہم ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ماضی کی اداکاراؤں کے درمیان آج بھی وہی مقابلہ جاری ہے جبکہ دل میں تلخیاں برقرار ہیں۔

اس کی ایک مثال ماضی کی کامیاب پاکستانی اداکار جویریہ عباسی ہیں جو اپنی ساتھی اداکارہ کو دوست نہیں بلکہ دشمن سمجھتی ہیں۔

جویریہ عباسی حال ہی میں وسیم بادامی کے شو میں شریک ہوئیں، جہاں ان سے کئی سوالات پوچھے گئے جس کے اداکارہ نے کئی متنازع جوابات دیے۔

ایک موقع پر جویریہ سے سوال کیا گیا کہ وہ کس اداکارہ کو اپنا جانی دشمن سمجھتی ہیں تو اس پر جویریہ نے بتایا کہ سعدیہ امام ان کی جانی دشمن ہیں تاہم انہوں نے ان سے نفرت کی وجہ بتانے سے گریز کیا۔

ایک اور موقع پر جویریہ نے سعدیہ امام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ اصل زندگی میں بھی اداکارہ ہی ہیں۔

شو کے دوران جویریہ نے اور بھی کئی متنازع بیانات دیے، جسے سن کر سب حیران رہ گئے۔

ایک موقع پر جویریہ نے ماڈل و اداکارہ آمنہ الیاس کو اداکارہ ماننے سے انکار کردیا۔

جبکہ پاکستان کے کامیاب ترین گلوکار عاطف اسلم جنہوں نے صرف اپنے ملک میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں نام کمایا انہیں بے سُرا گلوکار قرار دے دیا۔

شو کے میزبان نے ایک موقع پر جویریہ سے سوال کیا کہ کس اداکار کو اداکاری چھوڑ دینی چاہیے تو انہوں نے کہا کہ عدنان صدیقی گڈ لکنگ ہونے کے باعث انڈسٹری میں اب تک مقبول ہیں تاہم انہیں اداکاری چھوڑ دینی چاہیے۔

ساتھ ساتھ ماہرہ خان کو بھی جویریہ نے اداکاری چھوڑنے کا مشورہ دے دیا۔

اپنی زندگی کا ایک بھیانک واقعہ شیئر کرتے ہوئے جویریہ نے بتایا کہ کئی سال قبل ان کی گاڑی کا بہت برا حادثہ ہوا تھا، جس کے بعد ان کی زندگی تبدیل ہوگئی۔

اس حادثے میں اداکارہ کو بہت چوٹیں آئیں اور ان کی 12 ہڈیاں ٹوٹ گئی تھیں۔

سوشل میڈیا پر اداکارہ کو سخت بیانات کے باعث تنقید کا بھی نشانہ بنایا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں