لشانا لائنچ جیمز بانڈ کی اگلی جاسوس ہوں گی—فوٹو: گیک کلچر
لشانا لائنچ جیمز بانڈ کی اگلی جاسوس ہوں گی—فوٹو: گیک کلچر

معروف زمانہ جاسوس ہولی وڈ فلم سیریز جیمز بانڈ کی 25 ویں فلم کو یوں تو آئندہ برس ریلیز کیا جائے گا، تاہم یہ فلم اپنی ریلیز سے قبل ہی خبروں میں ہیں۔

جہاں ابتدائی طور پر یہ فلم نئے جاسوس کی وجہ سے خبروں میں تھی، وہیں اس فلم کےنئے ولن کے حوالے سے بھی کئی قیاس آرائیاں تھیں۔

اگرچہ یہ اعلان کردیا گیا تھا کہ جیمز بانڈ کی 25 ویں فلم میں بھی برطانوی اداکار ڈینیئل کریگ جاسوس کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے، تاہم اداکار نے پہلے ہی واضح کردیا تھا کہ وہ آخری بار اس کردار کو ادا کریں گے۔

ڈینیئل کریگ مسلسل چوتھی بار اس کردار کو ادا کر رہے ہیں اور انہوں نے اپنی خراب ہوتی صحت کی وجہ سے گزشتہ برس اس بات کا عندیہ دیا تھا کہ وہ آخری بار فلم میں ایجنٹ کا کردار ادا کریں گے۔

ڈینیئل کریگ کے اعلان کے بعد فلم کے نئے ایجنٹ پر باتیں ہونا شروع ہوگئی تھیں اور اداکار ادریس ایلبا سمیت کئی اداکاروں کے نام سامنے آئے۔

جہاں جیمز بانڈ کے نئے ایجنٹ کے حوالے سے چہ مگوئیاں ہوتی رہیں، وہیں فلم کے ولن کے حوالے بھی باتیں چلتی رہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ریمی ملک کا جیمز بانڈ میں مسلمان دہشت گرد کا کردار نبھانے سے انکار

خیال کیا جا رہا تھا کہ 25 ویں فلم میں ولن کا کردار پہلی بار کوئی خاتون ادا کرتی دکھائی دیں گی اور اس حوالے سے خبریں تھیں کہ ہیلینا کارٹر فلم میں ولن بنیں گی۔

ڈینیئل کریگ آخری بار ایجنٹ کے روپ میں دکھائی دیں گے—پرومو فوٹو
ڈینیئل کریگ آخری بار ایجنٹ کے روپ میں دکھائی دیں گے—پرومو فوٹو

تاہم بعد ازاں فلم کی ٹیم نے مصری نژاد اداکار ریمی ملک کو ولن بنانے کا اعلان کیا۔

جیمز بانڈ کے ولن کا مسئلہ حل ہوا تو شائقین کو نئے ایجنٹ کی فکر ہونے لگی اور خیال کیا جانے لگا کہ ممکنہ طور پر ادریس ایلبا ہی نئے جاسوس بنیں گے۔

تاہم اب ادریس ایلبا کی جگہ ایک خاتون کا نام سامنے آیا ہے جس سے شائقین کو خوشگوار حیرت ہوئی ہے۔

جی ہاں، خبریں کہ جیمز بانڈ کی 25 ویں فلم میں ہی نئے ایجنٹ کو متعارف کرایا جائے گا اور اب جاسوس کا کردار کوئی مرد نہیں بلکہ خاتون ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

برطانوی اخبار’دی گارجین‘ نے اپنی رپورٹ میں ’میل آن سنڈے‘ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ فلم کی ٹیم نے تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے جاسوس کا کردار پہلی بار ایک خاتون کو دینے کا فیصلہ کرلیا۔

فلم کی ٹیم کے قریبی ذرائع کے مطابق اب ڈینیئل کریگ کی جگہ جاسوس کا کردار ایک اداکارہ نبھاتی نظر آئیں گی۔

رپورٹ کے مطابق افریقی نژاد برطانوی اداکارہ 31 سالہ لشانا لائنچ ایجنٹ کا کردار ادا کریں گی۔

رپورٹ کے مطابق ایجنٹ کی تبدیلی کو آنے والی فلم میں ہی دکھایا جائے گا اور ڈینیئل کریگ کو 25 ویں فلم میں برطانوی جاسوس ادارے ’ایم آئی سکس‘ سے ریٹائرمنٹ لیتے ہوئے دکھایا جائے گا۔

پہلی بار سیاہ فام خاتون جیمز بانڈ میں جاسوس بنیں گی—فوٹو: میٹرکس پکچر
پہلی بار سیاہ فام خاتون جیمز بانڈ میں جاسوس بنیں گی—فوٹو: میٹرکس پکچر

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ فلم میں لشانا لائنچ براہ راست ڈینیئل کریگ کی جگہ نہیں لیں گی، بلکہ پہلے والے ایجنٹ کو ریٹائرڈ کروانے کے بعد نیا ایجنٹ متعارف کرایا جائے گا اور ایک طرح سے یہ نیا کردار ہوگا لیکن اس کردار کا کام وہی ہوگا جو پہلے ایجنٹ کا تھا۔

رپورٹ کے مطابق آنے والی جیمز بانڈ کی 25 ویں فلم میں ڈینیئل کریگ کو جاسوس مشن کے دوران جمیکا میں ریٹائرڈ ہوتے ہوئے دکھایا جائے گا اور ان کی جگہ جاسوس کی ذمہ داریاں لشانا لائنچ کے نئے کردار کو دی جائیں گی۔

مزید پڑھیں: جیمز بانڈ کے جاسوس کو ایک فلم کے لیے 7 ارب ملیں گے

پہلی بار جیمز بانڈ میں کسی سیاہ فام خاتون کو مرکزی کردار دیے جانے پر فلم کی ٹیم کو سراہا جا رہا ہے اور اس فیصلے کو تاریخی بھی قرار دیا جا رہا ہے، تاہم اس حوالے سے ٹیم نے فی الحال کوئی تصدیق نہیں کی کہ جیمز بانڈ کا نیا ایجنٹ ایک خاتون ہی ہوگی۔

جیمز بانڈ کی 25 ویں فلم میں ریمی ملک ولن کے روپ میں دکھائی دیں گے—فوٹو: یو ایس اے میڈیا نیٹ ورک
جیمز بانڈ کی 25 ویں فلم میں ریمی ملک ولن کے روپ میں دکھائی دیں گے—فوٹو: یو ایس اے میڈیا نیٹ ورک

خیال رہے کہ جیمز بانڈ میں جاسوس یا ایجنٹ کا کردار برطانوی خفیہ ایجنسی ایم آئی سکس کے اہلکار کا کردار ہوتا ہے جو کئی خطرناک منصوبوں پر کام کرتا ہے۔

اس کردار کو منشیات اور جرائم فروشوں کے بڑے بڑے گروپوں سے سامنے کرتے ہوئے دکھایا جاتا ہے، اس بار ایجنٹ یا جاسوس کا کردار ریمی ملک سے مقابلہ کرتے دکھائی دے گا۔

جیمز بانڈ کی 25 ویں فلم میں ریمی ملک ولن کا کردار ادا کرتے دکھائیں دیں گے اور اس فلم کو آئندہ برس اپریل تک ریلیز کیا جائے گا۔

سیریز کی 25 ویں فلم 5 سال کے وقفے کے بعد ریلیز کی جائے گی، جیمز بانڈ کی 24 ویں فلم ’اسپیکٹر‘ 2015 میں ریلیز کی گئی تھی، اس سے پہلے 2012 میں اسی سیریز کی 23 ویں فلم ’اسکائی فال‘ ریلیز کی گئی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

honorable Jul 16, 2019 08:39am
بس میں ہو تو لشانا لائنچ کو انڈسٹری میں کام نہ کرنے دوں،