وزارت اطلاعات منفی پروپیگنڈے بے نقاب کرنے میں مؤثر کردار ادا کرے، وزیراعظم

اپ ڈیٹ 19 جولائ 2019

ای میل

ڈاکٹر فردوس عاشق  نے حکومتی ریفارم ایجنڈے کو عوام میں اجاگر کرنے کیلئے وزارت اطلاعات کی جانب سے اٹھائے گئے مختلف اقدامات سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا
— فائل فوٹو/ پی ٹی آئی انسٹاگرام
ڈاکٹر فردوس عاشق نے حکومتی ریفارم ایجنڈے کو عوام میں اجاگر کرنے کیلئے وزارت اطلاعات کی جانب سے اٹھائے گئے مختلف اقدامات سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا — فائل فوٹو/ پی ٹی آئی انسٹاگرام

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ وزارت اطلاعات میڈیا کی معاونت سے عوام الناس تک صحیح معلومات پہنچانے اور منفی پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنے میں اپنا کردار مزید مؤثر طریقے سے ادا کرے۔

اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت وزات اطلاعات کا اجلاس منعقد ہوا جس میں معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان، سیکرٹری اطلاعات زاہدہ پروین، پرنسپل انفارمیشن آفیسر طاہر خوشنود اور وزارت کے دیگر سینئر افسران شریک تھے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق نے حکومتی ریفارم ایجنڈے کو عوام میں اجاگر کرنے کیلئے وزارت اطلاعات کی جانب سے اٹھائے گئے مختلف اقدامات سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔

مزید پڑھیں: ’بیرون ملک سے سفارشیں بھجوائی گئیں، جو کرنا ہے کریں احتساب ہوکر رہے گا‘

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی اداروں میں سزا و جزا کی روایت کو مضبوط کرنا حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے کا اہم جزو ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ وزارت اطلاعات کے مختلف شعبوں کو مزید متحرک کیا جائے تاکہ عوام تک معلومات بہم پہنچانے اور حکومتی ریفارمز ایجنڈے کو اجاگر کرنے کے عمل میں مزید بہتری لائی جاسکے۔

عمران خان نے کہا کہ عوام کو حکومت کی پالیسیوں سے آگاہ کرنے اور ملک و قوم کے وسیع تر مفادات میں اٹھائے گئے اقدامات کو اجاگر کرنے میں وزارت اطلاعات کا کلیدی کردار ہے۔

وزیراعظم نے شرکا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے مشکل حالات میں حکومت کی باگ ڈور سنبھالی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے معاشی استحکام اور ملک کے وسیع تر مفاد میں مشکل فیصلے کیے، گزشتہ 10 ماہ میں حکومت نے سماجی، معاشی و اقتصادی اور انتظامی شعبوں میں جو اصلاحات متعارف کرائی ہیں ماضی میں ان کی نظیر نہیں ملتی۔

یہ بھی پڑھیں: تاجروں کی ہڑتال سے ڈر کر پیچھے ہٹا تو قوم سے غداری ہوگی، وزیراعظم

وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے ریاست مدینہ کے ماڈل کو سامنے رکھتے ہوئے مشکل ترین معاشی حالات کے باوجود کمزور اور غریب طبقوں کی بہتری کیلئے اقدامات کیے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے شروع کیا جانے والا احساس پروگرام، پناہ گاہوں کی تعمیر، بے گھر افراد کو اپنا ذاتی گھر دلوانے کا منصوبہ و دیگر فلاحی اقدامات پاکستان کی عوام سے کئے گئے وعدے کی جانب عملی پیشرفت ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وزارت اطلاعات میڈیا کی معاونت سے عوام الناس تک صحیح معلومات پہنچانے اور منفی پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنے میں اپنا کردار مزید مؤثر طریقے سے ادا کرے۔