'آرمی چیف امریکا کی عسکری قیادت سے ملاقات کیلئے پینٹاگون کا دورہ کریں گے'

اپ ڈیٹ 22 جولائ 2019
ڈی جی آئی ایس پی آر آصف غفور واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں — فوٹو: ریڈیو پاکستان
ڈی جی آئی ایس پی آر آصف غفور واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں — فوٹو: ریڈیو پاکستان

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ چیف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ امریکا کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کے لیے پینٹاگون کا دورہ کریں گے۔

واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر ڈونلڈٹرمپ سے ملاقات کے دوران بری فوج کے سربراہ بھی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ ہوں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور میجر جنرل غفور کے ہمراہ 3 روزہ سرکاری دورے پر واشنگٹن پہنچے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان تین روزہ دورے پر امریکا پہنچ گئے

یہ پہلی مرتبہ ہے کہ وزیر اعظم کے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر سے ملاقات کے دوران ملک کی اعلیٰ فوجی قیادت بھی ان کے ہمراہ ہوگی۔

قبل ازیں سفارتی ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ پینٹاگون کے دورے کے دوران امریکا کے دفاعی سیکریٹری پیٹرک شناہن، چیف آف اسٹاف جنرل مارک ملی سمیت دیگر سینیئر حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاکستان کی داخلی صورتحال اب پہلے سے کہیں بہتر ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کے نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاک افغان سرحد کے ساتھ سیکیورٹی باڑ کی تعمیر کے بعد سرحدی کنٹرول میں کافی بہتری آئی ہے، انہوں نے کہا کہ سرحدی باڑ سے دہشتگردی کے واقعات میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔

مزید پڑھیں: عمران خان کی آمد سے تعلقات بحال ہونے کے دروازے کھل گئے، وائٹ ہاؤس

انہوں نے کہا کہ اب سیکیورٹی فورسز کی توجہ کا محور بلوچستان میں ترقی اور سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر دہشتگردی سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو ہے۔

انہوں نے میڈیا کو رواں سال فروری میں بھارت کے ساتھ کشیدگی میں اضافے اور ملک میں سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال سے آگاہ کیا۔

ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر نے بیرون ملک پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں میڈیا کے کردار کی تعریف کی۔

تبصرے (0) بند ہیں