پاکستان نے پہلے خلائی مشن کیلئے 'انتخابی مرحلے' کا اعلان کردیا

25 جولائ 2019
فواد چوہدری کے مطابق 2022 تک پہلا پاکستانی خلا میں بھیج دیا جائے گا — فائل فوٹو: ڈان نیوز
فواد چوہدری کے مطابق 2022 تک پہلا پاکستانی خلا میں بھیج دیا جائے گا — فائل فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ ملک کے خلائی پروگرام کے تحت 2022 میں پہلا پاکستانی خلائی مشن بھیج دیا جائے گا۔

سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 'مجھے بہت خوشی ہے کہ پہلے پاکستانی خلاباز کے انتخاب کا طریقہ کار اگلے سال 2020 سے شروع ہو رہا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں 50 خلانورد شارٹ لسٹ کریں گے، ان میں سے 25 افراد حتمی مرحلے میں جائیں گے اور 2022 میں 'انشاللہ پہلا پاکستانی خلا میں جائے گا اور یہ پاکستان کے خلائی پروگرام کے لیے تاریخ ساز اقدام ہوگا'۔

اس سے قبل گذشتہ سال 25 اکتوبر کو اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کے دوران فواد چوہدری نے تصدیق کی تھی کہ حکومت نے پہلے پاکستانی خلاباز کو خلاء میں بھیجنے کی منظوری دے دی ہے اور خلائی پروگرام کے تحت پہلا پاکستانی آئندہ 4 سالوں کے اندر خلاء میں بھیجا جائے گا۔

مزید پڑھیں: پاکستان کا 2022 تک خلاء میں پہلا مشن بھجوانے کا اعلان

فواد چوہدری نے بتایا تھا کہ پہلا پاکستانی شخص فضائی تحقیقات سے متعلق کام کرنے والے چینی ادارے ‘چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی‘ (سی ایم ایس اے) کے تعاون سے خلاء میں جائے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا تھا کہ اس حوالے سے ‘سی ایم ایس اے‘ اور فضائی تحقیقات سے متعلق کام کرنے والے پاکستانی ادارے ‘سپارکو‘ کے درمیان معاہدہ بھی ہوچکا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے اس کام کو پاکستان کے خلائی پروگرام کے لیے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے ٹیکنالوجی اور خلائی پروگرام کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

خیال رہے کہ پاکستان نے رواں برس جولائی میں مقامی سطح پر تیار کیے گئے 2 سیٹلائٹس کو بھی پہلی بار خلاء میں بھیجا تھا۔

جولائی میں پاکستان ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ (پی آر ایس ایس) ون اور پاکستان ٹیکنالوجی ایوالیوشن سیٹلائٹ (پاک ٹیس ون اے) نامی سیٹلائٹس کو خلاء میں بھیجا گیا تھا۔

ان سیٹلائٹس سے پاکستان کو زمین کی نقشہ سازی، زراعت کی درجہ بندی اور تشخیص سمیت شہری اور دیہی منصوبہ بندی، ماحولیاتی نگرانی، قدرتی آفات کے انتظام سنبھالنے، ملک کی سماجی-اقتصادی ترقی کو بہتر بنانے اور پانی کے وسائل کے انتظام سے متعلق مدد ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں: کیا پاکستان 2022ء میں پہلا انسان خلا میں بھیج دے گا؟

پاکستان نے اپنا پہلا خلاباز ایک ایسے وقت میں خلاء میں بھیجنے کا اعلان کیا تھا، جب کہ بھارت بھی اپنا پہلا خلابار بھیجنا کا ارادہ رکھتا ہے۔

اطلاعات ہیں کہ بھارت بھی 2022 تک پہلا شخص خلا میں بھیجے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (2) بند ہیں

Tallat Jul 25, 2019 01:58pm
Chhado yaar pahley zameeni masley theek kar lo Chaudhry saab
M.raza Jul 26, 2019 11:08am
Mulk yaha qarzo me duba hua hai aur ye sahab space me janay ki batein kr rahay hain afsos.