ایف بی آر کی موٹر سائیکل،آٹو رکشہ پر ودہولڈنگ ٹیکس عائد کرنے کی خبروں کی تردید

25 جولائ 2019
موٹر سائیکل اور آٹو رکشہ پر کوئی ٹیکس عائد کرنے کا ارادہ نہیں، ترجمان ایف بی آر — فائل فوٹو / اے ایف پی
موٹر سائیکل اور آٹو رکشہ پر کوئی ٹیکس عائد کرنے کا ارادہ نہیں، ترجمان ایف بی آر — فائل فوٹو / اے ایف پی

وفاقی ریونیو بورڈ (ایف بی آر) موٹر سائیکل اور آٹو رکشہ پر ودہولڈنگ ٹیکس عائد کرنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دے دیا۔

ترجمان ایف بی آر کے مطابق 'انکم ٹیکس آرڈیننس 2001' کے سیکشن 231 'بی' اور 234 کے تحت موٹر وہیکلز پر عائد کردہ ٹیکس میں کوئی تبدیلی یا اضافہ نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل اور آٹو رکشہ پر ودہولڈنگ ٹیکس عائد کرنے کی خبریں بے بنیاد ہیں، جن کی ایف بی آر سختی سے تردید کرتا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل اور آٹو رکشہ پر کوئی ٹیکس عائد کرنے کا ارادہ نہیں جبکہ انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے تحت ٹیکس صرف گاڑیوں پر عائد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کم آمدن طبقہ کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز میڈیا رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ ایف بی آر نے موٹر سائیکل اور آٹو رکشہ پر ودہولڈنگ ٹیکس عائد کردیا ہے۔

رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ وفاقی ریونیو بورڈ نے محکمہ ایکسائز سندھ کو ٹیکس کی وصولی کیے لیے خط لکھا ہے جس کے مطابق ود ہولڈنگ ٹیکس لگنے کے بعد موٹر سائیکل کی رجسٹریشن میں 17 ہزار روپے کا اضافہ ہوگا۔

اس طرح موٹر سائیکل کی رجسٹریشن فیس 3 ہزار 400 روپے سے بڑھ کر 20 ہزار 900 روپے ہوجائے گی۔

خط کے مطابق ود ہولڈنگ ٹیکس کے بعد رکشے کی رجسٹریشن میں بھی 7 ہزار روپے کا اضافہ ہوجائے گا اور رکشے کی رجسٹریشن 3 ہزار 100 روپے سے بڑھ کر 10 ہزار 750 روپے ہو جائے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں