برازیل کی جیل میں فسادات، 52 قیدی ہلاک

اپ ڈیٹ 29 جولائ 2019
برازیل کی جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدی ہونے کے سبب اکثر اس طرح کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں— فائل فوٹو: اے پی
برازیل کی جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدی ہونے کے سبب اکثر اس طرح کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں— فائل فوٹو: اے پی

برازیل کے شمالی علاقے میں واقع ایک جیل میں قیدیوں کے درمیان ہونے والے فسادات میں کم از کم 52 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

جیل کے خراب نظام اور حد سے زیادہ قیدیوں سے بھری جیل میں ہونے والے اس واقعے میں 52 میں سے 16 افراد کے سر تن سے جدا کر دیے گئے۔

مزید پڑھیں: برازیل کی جیل میں ہنگامہ، 60 قیدی ہلاک

ایک حکومتی عہدیدار نے خبر ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ یہ لڑائی التامیرا ریجنل ریکوری سینٹر میں صبح 7 بجے شروع ہوئی اور دوپہر تک جاری رہی۔

لڑائی کے دوران دو گارڈز کو یرغمال بنا لیا گیا تھا جنہیں لڑائی کے اختتام پر چھوڑ دیا گیا۔

برازیلین میڈیا پر چلنے والی فوٹیج میں جیل کی چھت پر لوگوں کو بیٹھے اور کمپاؤنڈ سے دھواں نکلتا ہوا دیکھا جا سکتا ہے کیونکہ قیدیوں نے جیل میں آگ لگا دی تھی۔

رپورٹس کے مطابق جیل کے دو حریف گروپوں کے درمیان جھگڑا ہوا جس کے بعد جیل کسی میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگی۔

یہ بھی پڑھیں: برازیل آخر خودکشی کیوں کرنا چاہتا ہے؟

حکومتی عہدیداروں کے مطابق اکثر افراد دم گھٹنے سے ہلاک ہوئے ہیں تاہم جیل کی سیکیورٹی بڑھانے کے لیے اضافی نفری بھی بھیج دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ برازیل کی کسی جیل میں اس طرح کا واقعہ رونما ہوا ہو بلکہ رواں سال مئی میں ریاست ایمازوناز کی مختلف جیلوں میں ہونے والے فسادات کے نتیجے میں کم از کم 55 قیدی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

دنیا بھر میں آبادی کے لحاظ سے جیلوں میں سب سے زیادہ قیدیوں کے حوالے سے امریکا اور چین کے بعد برازیل کا نمبر آتا ہے جہاں جون 2016 کے سرکاری اعدادوشمار کے مطابق جیلوں میں 7لاکھ 26ہزار سے زائد افراد قید ہیں۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب: شاہ سلمان کے بھائی شہزادہ بندر انتقال کرگئے

رپورٹس کے مطابق برازیل کی ہر جیل میں گنجائش سے دگنے قیدی ہیں جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ 2016 میں کیے گئے اسی سروے کے مطابق برازیل کی جیل میں مجموعی طور پر 3لاکھ 68ہزار 49 قیدی رکھنے کی گنجائش تھی۔

التامیرا کی جیل میں بھی گنجائش سے زیادہ قیدی رکھے گئے ہیں جہاں برازیلین میڈیا کے مطابق اس جیل میں محض 200 قیدی رکھنے کی گنجائش ہے تاہم یہاں 300 سے زیادہ قیدیوں کو رکھا گیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں