اگر ماہرہ خان اسٹار ہیں تو فردوس جمال لیجنڈ، اداکار شان

اپ ڈیٹ 01 اگست 2019
اداکار شان نے دونوں اداکاروں کے درمیان جاری تنازع پر مایوسی کا اظہار کیا —فوٹو/ اسکرین شاٹ
اداکار شان نے دونوں اداکاروں کے درمیان جاری تنازع پر مایوسی کا اظہار کیا —فوٹو/ اسکرین شاٹ

پاکستان کے معروف اداکار فردوس جمال نے جب گزشتہ ہفتے ماہرہ خان کی اداکاری پر تنقید کی تو متعدد پاکستانی ستارے اداکارہ کے حق میں سامنے آئے جبکہ فردوس جمال کو شدید تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

فردوس جمال نے اداکار فیصل قریشی کے مارننگ شو میں ماہرہ خان کی اداکاری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس عمر میں ہیروئن بننے کے بجائے ماں کا کردار ادا کریں جبکہ ان کا کہنا تھا کہ وہ ماہرہ کو اداکارہ نہیں بلکہ صرف ایک ماڈل مانتے ہیں۔

جہاں کئی اداکاروں نے فردوس جمال کو تنقید کا نشانہ بنایا وہیں اداکار شان نے بھی اب اس تنازع پر اپنا بیان دے دیا۔

اداکار نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ان دونوں نامور اداکاروں کے درمیان جاری تنازع پر اپنے دکھ اور مایوسی کا اظہار کیا۔

شان نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ 'جو بھی فردوس جمال نے ماہرہ خان کے بارے میں کہا، اسے سن کر دکھ ہوا اور جو بھی ٹوئٹر پر لوگ فردوس جمال کے بارے میں کہہ رہے ہیں اسے پڑھ کر اور بھی زیادہ دکھ ہوا، انہوں نے اس انٹرویو سے کہیں زیادہ انڈسٹری کے لیے کام کیا ہے، ماہرہ خان ایک اسٹار ہیں اور کسی بھی قسم کی رائے ان سے یہ درجہ نہیں لے سکتی اور فردوس جمال ایک لیجنڈ ہیں'۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں