دن کے وہ اوقات جب پانی پینا صحت کو فائدہ پہنچائے

04 اگست 2019
انسانی جسم کا 60 فیصد حصہ پانی پر مشتمل ہوتا ہے— شٹر اسٹاک فوٹو
انسانی جسم کا 60 فیصد حصہ پانی پر مشتمل ہوتا ہے— شٹر اسٹاک فوٹو

پانی کے بغیر زندگی کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا جو جسم کے خلیے میں بلاک بنانے کام کرتا ہے۔

درحقیقت انسانی جسم کا 60 فیصد حصہ پانی پر مشتمل ہوتا ہے اور اس کی کمی کے لاتعداد نقصانات ہوتے ہیں۔

یہ جوڑوں کو لبریکنٹ فراہم کرتا ہے، پورے جسم میں آکسیجن فراہم کرتا ہے، جسمانی درجہ حرارت کنٹرول کرتا ہے، زہریلا مواد خارج کرتا ہے اور بھی اس کے متعدد فوائد ہیں۔

دن بھر میں کتنا پانی پینا چاہیے، اس بارے میں کوئی واضح رائے تو موجود نہیں، بس یہ جسمانی ضروریات اور موسم کو مدنظر رکھ کر ہونی چاہئے۔

مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ دن کے کچھ اوقات ایسے بھی ہوتے ہیں جب پانی پینا جسم کے لیے زیادہ فائدہ مند ثابت ہوتا ہے؟

جی ہاں واقعی یہ درست ہے اور درج ذیل میں وہ اوقات دیئے گئے ہیں، جن میں پانی پینا صحت کو بہت زیادہ فائدہ پہنچا سکتا ہے۔

صبح اٹھ کر نہار منہ

اپنے دن کا آغاز پانی کے گلاس سے کرنا جسم سے زہریلے مواد کے اخراج میں مدد دیتا ہے جبکہ دن بھر کے لیے جسمانی توانائی بھی فراہم کرتا ہے، نہار منہ سادہ یا نیم گرم پانی پینا چاہیے جبکہ بہت زیادہ ٹھنڈے پانی سے گریز کرنا چاہیے۔

کھانے سے پہلے

کھانے سے پہلے پانی پینے کی عادت زیادہ کھانے سے روکتی ہے، کھانے سے 30 منٹ پہلے ایک یا 2 گلاس پانی پینا حس ذائقہ کو بیدار کرکے معدے کو نمی فراہم کرتی ہے جبکہ طویل المعیاد بنیادوں پر اس عادت کے نتیجے میں توند سے بچنا بھی ممکن ہوجاتا ہے۔

جب بھوک لگے

کئی بار جب ہم کو بھول محسوس ہوتی ہے تو وہ بھوک نہیں بلکہ پیاس ہوسکتی ہے، اگر دوپہر اور رات کے کھانے کے درمیان بھوک محسوس لگے تو ایک گلاس پانی پی لیں، اگر بھوک غائب ہوجائے تو سمجھ لیں کہ آپ پیاسے تھے۔

ورزش سے پہلے اور بعد میں

جسم کو پانی کی کمی سے بچانے کے لیے ورزش سے پہلے اور بعد میں 2 سے 3 گلاس پانی پی لیں، اس سے جسم میں سیال کے توازن کو برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے، مگر بہت کم وقت میں بہت زیادہ پانی پینے سے گریز کریں، کیونکہ اس سے پیٹ میں مروڑ کا سامنا ہوسکتا ہے۔

بیماری کے دوران

جب آپ کو موسمی بیماریوں کا سامنا ہو تو پانی کا استعمال بڑھا دیں، اس سے نہ صرف جسم میں پانی کی مقدار مناسب سطح پر رہے گی بلکہ اس سے زہریلے مواد کے اخراج ہوگا اور بیماری سے جلد نجات ممکن ہوگی۔

جب تھکاوٹ کے شکار ہوں

اگر آپ بہت زیادہ تھکاوٹ محسوس کررہے ہوں اور آرام کے لیے وقت نہ ہو تو ایک گلاس پانی پی لیں، ہوسکتا ہے کہ آپ کو علم نہ ہو مگر اکثر تھکاوٹ جسم میں پانی کی کمی کی ایک علامت بھی ہوتی ہے، پانی پینے سے دماغ کو کچھ طاقت ملتی ہے، جس سے تھکاوٹ کا احساس کم ہوجاتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں