سیڑھیوں پر دوڑیں اور گھومیں لیکن بیٹھے تو جرمانہ ہوگا

اپ ڈیٹ 17 اگست 2019
سیاحوں کی جانب سے بیٹھنے کی وجہ سے دوسرے لوگ پریشان ہوتے ہیں، انتطامیہ—فوٹو: اے ایف پی
سیاحوں کی جانب سے بیٹھنے کی وجہ سے دوسرے لوگ پریشان ہوتے ہیں، انتطامیہ—فوٹو: اے ایف پی

یورپی ملک اٹلی کے دارالحکومت روم کی انتظامیہ نے ’اسپینش اسٹیپ‘ کے نام سے معروف اور تاریخی سیڑھیوں پر بیٹھنے پر پابندی عائد کردی۔

’اسپینش اسٹیپ‘ کے نام سے 135 اسٹیپ پر بنی سیڑھی دنیا بھر کے سیاحوں میں مشہور ہے اور روم آنے والے سیاح یہاں ضرور آتے ہیں۔

ان تاریخی سیڑھیوں کو 1726 میں بنایا گیا تھا، ان سیڑھیوں پر چڑھ کر لوگ ’پزا دی سپاگنا‘ نامی بنے تاریخی اسکوائر پر پہنچتے ہیں۔

یہ اسکوائر اور تاریخی سیڑھیاں روم کے اس حصے میں واقع ہیں جس کو ’ہولی سی‘ یعنی مقدس کرسی کے نام سے جانا جاتا ہے۔

یہ حصہ رومن کیتھولک کلیسا ویٹی کن سٹی کے دائرہ اختیار میں آتا ہے، تاہم اس کے انتطامات روم کی انتظامیہ دیکھتی ہے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق اسپینش اسٹیپ نامی ان سیڑھیوں پر دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کی جانب سے بہت دیر تک بیٹھے جانے کے بعد انتظامیہ نے وہاں بیٹھے پر پابندی عائد کردی۔

یہ سیڑھیاں چڑھ کو لوگ تاریخی اسکوائر پر پہنچتے ہیں: —فوٹو: انسا ٹریول
یہ سیڑھیاں چڑھ کو لوگ تاریخی اسکوائر پر پہنچتے ہیں: —فوٹو: انسا ٹریول

اب اس تاریخی اسکوائر کو دیکھنے کے لیے آنے والے سیاح ان سیڑھیوں پر دوڑنے سمیت وہاں چہل قدمی بھی کر سکیں گے، تاہم اگر وہ وہاں بیٹھے تو انہیں جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔

سیڑھیوں پر سیاحوں کے نہ بیٹھنے کو یقینی بنانے کے لیے انتطامیہ کی جانب سے وہاں پولیس نفری تعینات کی گئی ہے جو آنے والے سیاحوں کو نئے قوانین سے متعلق آگاہ کرتی ہے۔

پولیس کی ہدایات پر عمل نہ کرنے اور قانون کی خلاف ورزی کرکے سیڑھیوں پر بیٹھنے والے افراد کو 180 سے 450 امریکی ڈالر یعنی پاکستانی تقریباً 28 ہزار سے 71 ہزار روپے سے زائد کا جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔

یہ واضح نہیں ہے کہ اسپینش اسٹیپ پر آنے والے سیاح سیڑھیوں پر کھڑے ہوکر تصاویر بنوا سکیں گے یا نہیں، اس حوالے سے انتظامیہ نے کوئی وضاحت نہیں کی، تاہم ان کی جانب سے بیٹھ کر تصاویر بنوانے پر پابندی ہوگی۔

یہ سیڑھیاں پوش علاقے میں موجود ہیں—فوٹو: اے ایف پی
یہ سیڑھیاں پوش علاقے میں موجود ہیں—فوٹو: اے ایف پی

اسپینش اسٹیپ کے قریب رہنے والے افراد کے مطابق یہاں آنے والے کچھ سیاح گھنٹوں تک سیڑھیوں پر بیٹھے رہتے ہیں، جس سے دوسرے آنے والے سیاحوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

تاریخی سیڑھیوں پر بیٹھنے والے افراد وہاں بیٹھ کر نہ صرف کھانا کھاتے ہیں بلکہ بعض جوڑے تو وہاں رومانس بھی کرتے دکھائی دیتے ہیں اور کچھ بیٹھ کر تصاویر اور ویڈیوز بناتے دکھائی دیتے ہیں۔

سیاحوں کی بہت بڑی تعداد یہاں آنے کی وجہ سے یہ سیڑھیاں خستہ حالت میں ہوگئی تھیں، تاہم 2016 میں اٹلی کے ایک فیشن برانڈ نے ان سیڑھیوں کی دوبارہ تعمیر اور تزئین و آرائش کروائی تھی۔

اسپینش اسٹیپ کو اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو نے 2016 سے قبل دنیا کے ان تاریخی مقامات کی فہرست میں بھی شامل کر رکھا تھا، جنہیں خطرات لاحق ہوتے ہیں، تاہم ان کی دوبارہ تعمیر کے بعد انہیں اس فہرست سے نکال دیا گیا۔

لوگوں کے نہ بیٹھنے کو یقنی بنانے کے لیے وہاں پولیس نفری تعینات کی گئی ہے—فوٹو: رائٹرز
لوگوں کے نہ بیٹھنے کو یقنی بنانے کے لیے وہاں پولیس نفری تعینات کی گئی ہے—فوٹو: رائٹرز

تبصرے (0) بند ہیں