کراچی: 'غیرت کے نام' پر بیوی کا قتل

اپ ڈیٹ 16 اگست 2019
مقتولہ گھریلو ملازمہ تھی جبکہ اس کا شوہر بے روز گار تھا — فائل فوٹو: ڈان نیوز
مقتولہ گھریلو ملازمہ تھی جبکہ اس کا شوہر بے روز گار تھا — فائل فوٹو: ڈان نیوز

کراچی میں دو مختلف واقعات میں ایک 12 سالہ بچہ جاں بحق جبکہ 'غیرت کے نام' پر ایک خاتون کا قتل کر دیا گیا۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ کراچی کے علاقے گلبرگ ٹاؤن میں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر شوہر نے بیوی کو قتل کردیا۔

علاقے کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) رفیق تنولی نے بتایا کہ مشتبہ ملزم جاوید نے اپنی 25 سالہ اہلیہ خالدہ بی بی کو تیز دھار آلے سے قتل کیا۔

مزیدپڑھیں: پنجاب: 'غیرت کے نام پر' بھائی کے ہاتھوں 17 سالہ بہن قتل

انہوں نے بتایا کہ واقعہ ایف بی ایریا کے بلاک 13 میں پیش آیا اور مشتبہ ملزم قتل کرنے کے بعد فرار ہوگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ خالدہ بی بی کو عباسی شہید ہستال میں منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسیں۔

ایس ایچ او کے مطابق مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل ہونے والی خاتون گھریلو ملازمہ تھی جبکہ اس کا شوہر بے روز گار تھا۔

پولیس نے بتایا کہ مقتولہ کے والد کی مدعیت میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

واضح رہے کہ رواں برس فروری اور جولائی میں بھی خواتین کو غیرت کے نام پر قتل کرنے کے متعدد واقعات پیش آئے تھے۔

مزید پڑھیں: غیرت کے نام پر بھائیوں نے بہن اور چچازاد بھائی کو قتل کردیا

کراچی کے علاقے قائد آباد میں بھائی نے مبینہ طور پر بہن کو غیرت کے نام پر قتل کیا تھا۔

مشتبہ ملزم مرتضیٰ رشید نے ٹیکسٹائل مل کے قریب داؤد چالی میں اپنی 18 سالہ بہن فاطمہ اور پڑوسی نوجوان کریم خان پر فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں فاطمہ نے دم توڑ دیا تھا جبکہ کریم زخمی ہوگیا تھا۔

قبل ازیں فروری میں پولیس نے حب ڈیم سے متصل روڈ پر ملنے والی 2 لاشوں سے متعلق دعویٰ کیا تھا کہ انہیں مبینہ طور پر 'غیرت کے نام‘ پر قتل کیا گیا۔

مقتولین کا تعلق خیبرپختونخوا سے تھا اور وہ اورنگی ٹاؤن کے علاقے میٹروویل میں رہائش پذیر تھے جبکہ وہ اپنے گھروں سے ’لاپتہ‘ تھے۔

ملیر ندی میں بچہ ڈوب کر جاں بحق

علاوہ ازیں میمن گوٹھ پولیس کے مطابق ملیر ندی میں 12 سالہ بچہ نہاتے ہوئے ڈوب گیا۔

پولیس نے بتایا کہ مزمل بلال ملیر ندی میں مائی نیانی نیو پل کے مقام پر نہا رہا تھا جبکہ حالیہ بارش کے باعث ندی میں پانی کی روانی تیز تھی۔

ایس ایچ او اسرار بریرو نے بتایا کہ مزمل بلال نہاتے ہوئے گہرے پانی میں چلا گیا اور ڈوب گیا۔

مزید پڑھیں: کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز بارش، 3 افراد جاں بحق

انہوں نے بتایا کہ مقامی افراد نے بچے کی لاش نکال کر اہلخانہ کے حوالے کردی۔

واضح رہے کہ حالیہ بارشوں کے باعث کراچی کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے تھے اور نظام زندگی مفلوج ہوگیا تھا جبکہ مختلف حادثات میں بچے سمیت 11 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں