آصف زرداری، فریال تالپور کو جیل میں 'اے کلاس' سہولیات دینے کی درخواست مسترد

دونوں ملزمان جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار ہیں—فائل فوٹو: ڈان نیوز
دونوں ملزمان جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار ہیں—فائل فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں گرفتار سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو جیل میں اے کلاس دینے کی درخواست مسترد کردی۔

وفاقی دارالحکومت کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی درخواست پر سماعت کی، اس دوران سینئر وکلا فاروق ایچ نائیک اور سردار لطیف کھوسہ پیش ہوئے۔

انہوں نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ آصف زرداری اور فریال تالپور کو جیل میں اے کلاس کی سہولیات فراہم کی جائیں۔

مزید پڑھیں: جعلی اکاؤنٹس کیس: یو اے ای کی کاروباری شخصیت وعدہ معاف گواہ بن گئی

ساتھ ہی فریال تالپور کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے راہداری ریمانڈ دینے کی بھی استدعا کی گئی۔

اس دوران قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے آصف زرداری اور فریال تالپور کی درخواستوں کی مخالفت کی گئی۔

بعد ازاں عدالت نے سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو جیل میں اے کلاس کی سہولیات دینے کی درخواست مسترد کردی، تاہم ملزمان کو ذاتی خرچ پر اضافی سہولیات فراہم کرنے کا حکم سنا دیا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ ملزمان کو اپنے خرچ پر جیل میں ایئرکنڈیشن (اے سی)، ٹیلی وژن، ریڈیو، آئی پوڈ، فریج، کوکر، کیتلی، ٹوسٹر، ٹارچ، مچھر مار لائٹ اور استری سمیت اٹینڈنٹ بھی رکھنے کی اجازت ہوگی۔

علاوہ ازیں احتساب عدالت نے آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کے راہداری ریمانڈ کے لیے آئی جی جیل خانہ جات سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔

خیال رہے کہ آصف علی زرداری اور فریال تالپور جلعی اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کے خلاف نیب کے دائر کردہ ریفرنسز کا سامنا کررہے ہیں۔

اسی کیس میں 19 اگست کو احتساب عدالت نے سابق صدر اور آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے جوڈیشل ریمانڈ میں 5 ستمبر تک توسیع کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: جعلی اکاؤنٹس کیس: فریال تالپور، آصف زرداری کے ریمانڈ میں 5 ستمبر تک توسیع

خیال رہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں 29 اکاؤنٹس کے ذریعے اربوں روپے کی مبینہ منی لانڈرنگ کا الزام ہے، یہ بینک اکاؤنٹس 3 بینکوں سمٹ بینک، سندھ بینک اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ میں کھولے گئے تھے۔

اس معاملے کی تحقیقات کرنے والی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے گزشتہ برس بینکنگ عدالت میں جمع کروائی گئی عبوری چارج شیٹ میں آصف زرداری، ان کی بہت فریال تالپور، اومنی گروپ کے چیئرمین انور مجید، ان کے بیٹوں اور دیگر 10 سے زائد ملزمان کے نام شامل تھے۔

بعد ازاں مارچ میں یہ کیس کراچی کی بینکنگ عدالت سے راولپنڈی کی احتساب عدالت میں منتقل کردیا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں