پاکستان میں سوزوکی مہران کی جگہ لینے کے لیے ایک اور مقامی طور پر تیار کردہ گاڑی 'پرنس پرل ریکس 2019' آئندہ ماہ متعارف کروائی جارہی ہے۔

پرو پاکستانی کی رپورٹ کے مطابق ریگل موٹرز نے حال ہی میں اس گاڑی کو متعارف کرانے کا اعلان کیا اور اسے اعتماد ہے کہ وہ یونائیٹڈ براوو اور نئی 660 سی سی سوزوکی آلٹو کو سخت ٹکر دے سکے گی۔

کمپنی کی جانب سے اس گاڑی کی تصاویر بھی جاری کی گئیں ہیں، جن میں وہ یونائیٹڈ براوو اور آلٹو سے زیادہ بہتر انداز میں پیش کی گئی۔

800 سی سی کی یہ گاڑی مینوئل اور آٹومیٹک دونوں ورژن میں پیش کی جائے گی۔

اس کے نمایاں فیچرز میں 4 گیئر ٹرانسمیشن، پاور ونڈوز، پاور اسٹیئرنگ، فوگ لیمپس، آپشنل ائیربیگز، کی لیس انٹری، ایلوئے رم جبکہ 3 سال یا 60 ہزار کلومیٹر کی وارنٹی وغیرہ شامل ہیں۔

اس میں 796 واٹر کول ای ایف آئی انجن دیا جائے گا جو 40 ہارس پاور کا ہوگا۔

فوٹو بشکریہ پرو پاکستانی
فوٹو بشکریہ پرو پاکستانی

پٹرول پر چلنے والی اس گاڑی میں شہر کے اندر ایک لیٹر پیٹرول پر 22 کلو میٹر جبکہ ہائی وے پر 25 کلومیٹر مائلیج مل سکے گی۔

اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 120 سے 130 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی جبکہ اس کے مینوئل ماڈل کی قیمت 8 سے 9 لاکھ تک ہوسکتی ہے تاہم اس کا علم ستمبر میں گاڑی سامنے آنے کے بعد ہوگا۔

فوٹو بشکریہ پرو پاکستانی
فوٹو بشکریہ پرو پاکستانی

خیال رہے کہ ریگل اٹوموبائل انڈسٹریز لمیٹڈ نے لاہور میں اسمبلنگ پلانٹ تعمیر کیا تھا جو ملک میں تیسری بڑی بائیک اسمبل کرنے والی کمپنی بھی ہے۔

آٹو پالیسی برائے سال 21-2016 میں نئے سرمایہ کاروں کے لیے مراعات کے اعلان کے بعد ریگل آٹو موبائلز لمیٹڈ نے چینی کمپنی کے تعاون سے پاکستان میں آٹو کے شعبے میں سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا تھا۔

اس کمپنی نے چین کی ڈی ایف ایس کے گروپ کے ساتھ تیکنیکی شراکت داری کا معاہدہ کیا تھا تاکہ پرنس کے نام سے گاڑیاں اسمبل کرسکے۔

تبصرے (2) بند ہیں

Talha Aug 26, 2019 10:32am
good news....
Rameay Aug 26, 2019 04:05pm
Nice addition in Auto Sector will serve as an alternate in small car segment.