پی آئی اے کے بیڑے میں 2023 تک 12 نئے طیارے شامل ہوں گے، سی ای او

28 اگست 2019
یہ فیصلہ وزیر اعظم کے ساتھ ایوی ایشن ڈویژن کے اجلاس میں کیا گیا، ترجمان پی آئی اے — فائل فوٹو / وکی میڈیا کامنز
یہ فیصلہ وزیر اعظم کے ساتھ ایوی ایشن ڈویژن کے اجلاس میں کیا گیا، ترجمان پی آئی اے — فائل فوٹو / وکی میڈیا کامنز

وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے نئے طیاروں کے حصول کی اجازت دے دی۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق یہ فیصلہ وزیر اعظم کے ساتھ ایوی ایشن ڈویژن کے اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں وزیر ہوا بازی غلام سرور خان، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، سیکریٹری ایوی ایشن شاہ رخ نصرت اور پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) ایئر مارشل ارشد ملک نے شرکت کی۔

ایئر مارشل ارشد ملک نے وزیر اعظم کو قومی ایئر لائن کی مستقبل کی طیاروں کی ضروریات اور بزنس پلان کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیر اعظم نے سفری سہولیات کی بہتری اور اضافے کے لیے پی آئی اے کو نئے طیارے خریدنے کے سلسلے میں وزارت خزانہ کو تعاون فراہم کرنے کی ہدایات دیں۔

مزید پڑھیں: پی آئی اے کا ڈیڑھ سال سے ناقابل استعمال طیارہ پرواز کے لیے تیار

ایئر مارشل ارشد ملک کا کہنا تھا کہ 2023 تک مجموعی طور پر 12 نئے طیارے فضائی بیڑے میں شامل کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ قومی ایئرلائن کی حالیہ مثبت کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ابتدائی مرحلے میں 4 طیارے درکار ہوں گے جو 2020 تک فضائی بیڑے میں شامل ہو جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ طیارے درمیانی گنجائش کے ہوں گے اور اندرون ملک و علاقائی روٹس پر استعمال کیے جائیں گے۔

ایئر مارشل ارشد ملک نے نئے طیاروں کے حصول کی اجازت دینے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 2023 تک پی آئی اے کے طیاروں کی مجموعی تعداد 45 ہو جائے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں