ثنا فخر فلم میں 'چوہدری اسلم' کی اہلیہ بنیں گی

فلم کی ریلیز تاریخ کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا —فوٹو/ اسکرین شاٹ
فلم کی ریلیز تاریخ کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا —فوٹو/ اسکرین شاٹ

مزاحیہ فلم 'رونگ نمبر 2' کا حصہ بننے کے بعد اب پاکستان کی ٹیلنٹڈ اداکارہ ثنا فخر بہت جلد ایک اور نئی فلم میں جلوہ گر ہونے جارہی ہیں جس کی کہانی بالکل منفرد ہے۔

اداکارہ ان دنوں فلم 'چوہدری: دی مارٹیر' (Chaudhry: The Martyr) کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس کی کہانی ایس پی چوہدری اسلم کی زندگی پر مبنی ہے۔

اس فلم میں ثنا فخر ان کی اہلیہ کا کردار نبھاتی نظر آئیں گی۔

ڈان سے بات کرتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ 'اس انڈسٹری میں اتنے طویل عرصے تک کام کرنے کے بعد میں اب اس مقام پر موجود ہوں جہاں میں اسکرپٹس پر زیادہ فوکس کرتی ہوں، میں چاہتی ہوں جن اسکرپٹس پر میں کام کروں وہ بامعنی ہوں'۔

مزید پڑھیں: بہادر پولیس افسرچوہدری اسلم کی زندگی پر فلم

اداکارہ نے مزید کہا کہ 'اس فلم میں میرا کردار بے حد خاص ہے، ایک تجربہ کار اداکار ہونے کے باعث ایسا کچھ بھی ملنا مشکل ہے جو مجھے چیلنج کرے'۔

ثنا کے مطابق 'میں فلم کا حصہ اس وقت بنی جب مجھے پتا چلا کے اس میں سچے واقعات پیش کیے جائیں گے، مجھے ایک اصل کردار نبھانے کا خیال بےحد پسند آیا، بہت کم فلمیں ایسی بنتی ہیں جس میں خواتین کا بےحد مضبوط کردار ہو لیکن اس فلم میں موجود خواتین کے کردار بےحد مضبوط ہیں'۔

فلم میں دیگر کاسٹ میں شمون عباسی اور یاسر حسین موجود ہیں جبکہ بہت سے کرداروں کے لیے نئے اداکاروں کو بھی کاسٹ کیا گیا ہے۔

ڈی ایس پی طارق اسلم جو چوہدری اسلم کے ساتھ کام کرچکے ہیں، وہ اس فلم میں مرکزی کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: چوہدری اسلم- کامیابی اور خوف کی علامت

عظیم سجاد کی ہدایات میں بننے والی اس فلم کی ریلیز کی تاریخ کا اب تک اعلان نہیں کیا گیا۔

اس حوالے سے ثنا فخر نے بتایا کہ 'ابھی فلم کی شوٹنگ جاری ہے، مجھے اُمید ہے کہ سب کچھ خیریت سے مکمل ہو، میں جس بھی پروجیکٹ کا حصہ بنتی ہوں کوشش کرتی ہوں کہ اس کے لیے بھرپور محنت کروں اور اپنی بہترین کارکردگی سے پیش کروں'۔

یاد رہے کہ سندھ پولیس کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) چوہدری اسلم 9 جنوری 2014 کو کراچی کے لیاری ایکسپریس وے ہونے والے خودکش حملے میں جاں بحق ہوئے تھے۔

انہوں نے 30 سال تک کراچی پولیس میں فرائض انجام دیے۔

تبصرے (0) بند ہیں