'زندگی تماشا' کا پوسٹر جاری

اپ ڈیٹ 18 ستمبر 2019

ای میل

فلم کا پہلا پوسٹر سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوا —فوٹو/ اسکرین شاٹ
فلم کا پہلا پوسٹر سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوا —فوٹو/ اسکرین شاٹ

پاکستان کے نامور ہدایت کار اور اداکار سرمد کھوسٹ کی اگلی فلم 'زندگی تماشا' کا پہلا پوسٹر سامنے آگیا۔

اس فلم کی پہلی جھلک دیکھنے کے لیے مداح طویل عرصے سے بے تاب تھے اور اب اس کے پوسٹر کو سوشل میڈیا پر خوب توجہ مل رہی ہے۔

فلم کے پہلے پوسٹر میں ایک بزرگ شخص ہاتھ میں تسبیح لیے نظر آرہے ہیں۔

پوسٹر کی ریلیز کے ساتھ یہ بھی اعلان کیا گیا کہ 'زندگی تماشا' کا ورلڈ پریمیئر بوسان فلم فیسٹیول میں ہوگا جبکہ اس فلم کا آخری پوسٹر بھی جلد سامنے آئے گا۔

خیال رہے کہ بوسان فلم فیسٹیول کا آغاز رواں سال 3 اکتوبر سے ہوگا جو 12 اکتوبر تک جاری رہے گا۔

فلم 'زندگی تماشا' میں عارف حسین، سمیعہ ممتاز، علی قریشی اور ایمان سلیمان اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔

سرمد کھوسٹ اپنی فلم میں خود بھی ایک مختصر کردار نبھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

فلم کی زیادہ تر شوٹنگ پنجاب میں ہوئی ہے۔

ہدایت کار نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اداکارہ سمیعہ ممتاز کے کردار کا پوسٹر بھی جاری کردیا، جس کے مطابق سمیعہ اس فلم میں فرخندہ نامی خاتون کا کردار نبھاتی نظر آئیں گی۔

واضح رہے کہ 'زندگی تماشا' کے علاوہ سرمد کھوسٹ کملی نامی فلم میں بھی مصروف ہیں، جس میں صبا قمر مرکزی کردار نبھانے جارہی ہیں۔