حکومت پاکستان کی یقین دہانی کے بعد پاک-سری لنکا سیریز کے امکانات روشن

اپ ڈیٹ 23 ستمبر 2019
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز 27ستمبر سے شیڈول ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز 27ستمبر سے شیڈول ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی

حکومتِ پاکستان کی یقین دہانی کے پاکستانی سرزمین پر سری لنکن سیریز کے انعقاد کے امکانات روشن ہو گئے ہیں اور سیریز کے انعقاد کے سلسلے میں سری لنکن حکومت اور کرکٹ بورڈ کی جانب سے مثبت اشارے ملنے لگے تھے۔

حکومت پاکستان نے سری لنکن حکومت کو خط لکھ کر ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی کی یقین دہانی کرادی ہے جس سے سری لنکا کےدورہ پاکستان پر چھائے خدشات کے بادل چھٹنے لگے ہیں۔

مزید پڑھیں: سری لنکا کا پاکستان میں 3ون ڈے اور 3ٹی ٹوئنٹی کھیلنے کا اعلان

27ستمبر سے شیڈول سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کا بھی آغاز ہو گیا ہے اور پی سی بی نے پاک سیریز سیریز کےٹکٹوں کی تفصیلات بھی جاری کردی ہیں۔

پی سی بی کے باوثوق ذرائع کے مطابق پاکستان حکومت کی یقین دہانی کےبعد سری لنکا کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کے ویزوں کے لیے پی سی بی سے خط طلب کیا تھا جو کرکٹ بورڈ نے جاری کردیا ہے۔

سری لنکن بورڈ کے سیکریٹری موہن ڈی سلوا کا بھی کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان کا دورہ کیا تو سیکورٹی انتظامات اطمینان بخش تھے البتہ سری لنکا کرکٹ بورڈ دورہ پاکستان کے حوالے سے حتمی اعلان اگلے 24 سے 48 گھنٹوں کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: سری لنکا کا پاکستان میں ٹیسٹ میچ کھیلنے سے انکار، رپورٹس

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے پہلا ٹی20 میچ دیکھنےکے لیے کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین ایرل ایڈنگز کو بھی مدعو کیا ہے۔

دوسری جانب پی سی بی نے سیریز کےلئےٹکٹوں کی تفصیلات بھی جاری کردی ہیں۔

آن لائن ٹکٹوں کی بکنگ 20ستمبر جبکہ نجی کوریئرکمپنی سے فروخت 21 ستمبر سے شروع ہو گی۔

ون ڈے سیریز کے لیے ٹکٹوں کی قیمت 500 سے 3ہزار روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ ٹی20 سیریز کے ٹکٹ 500 سے 5ہزار روپے میں دستیاب ہوں گے۔

مزید پڑھیں: بھارتی ٹیم پر حملے کی دھمکی آمیز ای میل کرنے والا نوجوان گرفتار

سیریز کے لیے قومی ٹیم کے 4روزہ تربیتی کیمپ کا بھی آغاز ہو گیا ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے اور ٹی20 سیریز 27 ستمبر سے 9 اکتوبر تک شیڈول ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں