اداکارہ رابعہ بٹ 2 ڈراموں کی شوٹنگ میں مصروف

اپ ڈیٹ 21 ستمبر 2019
رابعہ بٹ کے دونوں ڈرامے سال کے اختتام سے قبل ریلیز کیے جائیں گے—فوٹو: انسٹاگرام
رابعہ بٹ کے دونوں ڈرامے سال کے اختتام سے قبل ریلیز کیے جائیں گے—فوٹو: انسٹاگرام

ماڈل و اداکارہ رابعہ بٹ ان دونوں اپنے آنے والے 2 ڈراموں کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جنہیں رواں سال کے اختتام سے قبل نشر کیے جانے کا امکان ہے۔

رابعہ بٹ کے دونوں ڈرامے ایک ہی پروڈکشن کمپنی کے بینر تلے بن رہے ہیں اور دونوں کو ’ہم ٹی وی‘ پر نشر کیا جائے گا۔

ڈراموں کے حوالے سے رابعہ بٹ نے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے دونوں ڈراموں کی کہانی اور کاسٹ انتہائی شاندار ہے اور شائقین کو منفرد مواد دیکھنے کو ملے گا۔

رابعہ بٹ نے بتایا کہ ان کے ایک ڈرامے کا نام ’مجھے ودا کر‘ ہے، جس میں ان کے ساتھ بڑی کاسٹ ایکشن میں دکھائی دے گی۔

View this post on Instagram

Ishq pehlay tha Ya Aashiq pehlay? #RabiaButt

A post shared by Rabia Rashid (@iamrabiabutt) on

ماڈل و اداکارہ کے مطابق ان کے ساتھ عدنان صدیقی، سجل علی، احد رضا میر اور میرا سیٹھی سمیت دیگر اداکار ’مجھے ودا کر‘ میں نظر آئیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اس ڈرامے کی ہدایات احسن تابش دیں گے اور انہیں ان کے ساتھ کام کرکے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔

انہوں نے ڈرامے کی کہانی کے حوالے سے بتایا کہ ’مجھے ودا کر‘ ایک تھرلر ڈراما ہوگا اور شائقین کو فرحت اشتیاق کے قلم سے لکھی اس ڈرامے کی کہانی بے حد پسند آئے گی

انہوں نے اپنے دوسرے ڈرامے کے حوالے سے بتایا کہ اس کی کہانی بھی اچھی ہے، تاہم وہ خاندان اور ایک ماں کے گرد گھومنے والی کہانی پر مبنی ہے۔

ان کے مطابق ان کے دوسرے ڈرامے کی ہدایات میر سکندر دے رہے ہیں اور اس کی کاسٹ میں بھی ان کے ساتھ بڑے اداکار کام کرتے دکھائی دیں گے۔

رابعہ بٹ نے کافی وقت کے بعد چھوٹی اسکرین پر واپسی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ واحد اداکارہ نہیں ہے جو کافی وقت کے بعد اداکاری کرتی دکھائی دیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی دور میں انہیں مسلسل اداکاری کرنے کا جنون تھا تاہم بعد میں انہیں احساس ہوا کہ ایک اداکار کو کردار کے پیچھے بھاگنا نہیں چاہیے بلکہ کردار خود اداکار کو ڈھونڈ لیتے ہیں۔

انہوں نے اپنے فلمی کیریئر پر بھی بات کی اور اعتراف کیا کہ فاروق منگل کے ساتھ فلم ’ہجرت‘ میں کام کرنے کا تجربہ اچھا رہا اور انہوں نے بہت کچھ سیکھا۔

انہوں نے ہم ٹی وی کے ڈرامے ’آنگن‘ کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ اب ایک بار پھر وہ ’ہم ٹی وی‘ کے ساتھ 2 نئے ڈرامے کرنے جا رہی ہیں جو رواں برس کے اختتام سے قبل نشر کیے جائیں گے۔

رابعہ بٹ نے اپنے تیسرے پروجیکٹ کے حوالے سے بھی انکشاف کیا اور کہا کہ انہیں ایک اور ڈرامے میں کام کرنے کی پیش کش ہے، تاہم اس ڈرامے کی زیادہ تر شوٹنگ کراچی میں ہوگے اور ان کا گھر لاہور میں ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ انہیں ڈرامے کی شوٹنگ کے لیے مہینے کے 20 دن کراچی میں رہنے پڑیں گے۔

رابعہ بٹ کے مطابق لاہور اور گھر کو چھوڑ کر کراچی میں رہنا مشکل تو ہوگا، تاہم اس حوالے سے فوری طور پر فیصلہ نہیں ہو سکا کہ اس منصوبے میں کام کرنا ہے یا نہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں