گوادر بندرگاہ کو تجارتی راہداری کے لیے کھول دیا گیا

02 اکتوبر 2019
گوادر پورٹ پر پہلا جہاز آئندہ ہفتے پہنچے گا—فوٹو: ڈان اخبار
گوادر پورٹ پر پہلا جہاز آئندہ ہفتے پہنچے گا—فوٹو: ڈان اخبار

اسلام آباد: سمندی امور پر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کو بتایا گیا ہے کہ گوادر پورٹ کو تجارتی راہداری (ٹرانزٹ ٹریڈ) کے لیے کھول دیا گیا اور اس سلسلے میں پہلا جہاز آئندہ ہفتے پہنچے گا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزارت سمندری امور کے حکام نے ذیلی کمیٹی کو ٹرانزٹ ٹریڈ اور ٹرانشپمنٹ کے بارے میں بتایا۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ (اے ٹی ٹی) ماڈیول میں کچھ تبدیلیوں کی ضرورت تھی، جسے کیا گیا اور ابتدائی طور پر ٹیسٹ کرنے کے بعد یہ اطلاق کے لیے تیار ہے۔

مزید پڑھیں: گوادر میں شپ بریکنگ یارڈ کے قیام کی منظوری

سینیٹ کمٹی کو بتایا گیا کہ پہلا اے ٹی ٹی شپمنٹ آئندہ ہفتے 8 اکتوبر کو گوادر پورٹ پر آئے گا، جس میں بتدریج اضافہ ہوگا۔

اس موقع پر گوادر سے تعلق رکھنے والے ذیلی کمیٹی کے کنوینر سینیٹر خدا بابر نے علاقے کی ترقی اور منصوبہ بندی میں موجود خلا کی طرف اشارہ کیا۔

جس پر حکام نے اس بات کو تسلیم کیا کہ گوادربندرگاہ کی اصل حریف سنگاپور اور دبئی کی بندرگاہیں ہوں گی کیونکہ کارگو میں تاخیر کے چارجز نہ ہونے اور 3 ماہ کی اسٹوریج کی سہولت جیسی مراعات یقینی طور پر کاروبار کو گوادر کی طرف موڑ دے گا۔

ذیلی کمیٹی کی جانب سے بندرگاہ کے اندر یا باہر فش پروسیسنگ کے لیے اسٹوریج کی سہولیات سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا، ساتھ ہی کمیٹی کو یقین دہانی کروائی گئی کہ اس طرح کی سہولیات فراہم کرنے اور اس سلسلے میں سرمایہ کاری کرنے والی چینی کمپنیوں پر اضافی ٹیکس نافذ نہیں کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: گوادر والے تبدیلی کے منتظر ہیں

اس دوران ذیلی کمیٹی نے چینی کمپنیوں سمیت مقامی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو گوادر بندرگاہ پر فش ڈمپنگ اور ری پروسیسنگ سہولیات فراہم کرنے سے متعلق قانونی فریم ورک، قواعد و ضوابط پر تبادلہ خیال کیا۔

سینیٹر بابر کا کہنا تھا کہ 'بڑی کمپنیوں سے کہا جائے گا کہ وہ اس طرح کی سہولیات پر مقامی آبادی کو روزگار فراہم کرنے کیلئے قرارداد منظور کی جائے'۔

ساتھ ہی یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ماہی گیری کے ٹرالروں سے متعلق ایک قومی سطح کی پالیسی بنانا ہوگی اور تمام صوبوں کے لیے ایک یکساں طریقہ کار وضع کرنا ہوگا کیونکہ سمندری ماہی گیری سندھ سمیت بلوچستان کے ساحل سے دور کی جاتی ہے۔ ذیلی کمیٹی کو بتایا گیا کہ ایسٹ بے ایکسپریس وے پروجیکٹ گوادر کے نظرثانی شدہ پی سی-ون کو منظوری کے لیے اکنیک میں بھیجا جارہا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں