ریلیز سے قبل ’زندگی تماشا‘ عالمی ایوارڈ کے لیے نامزد

02 اکتوبر 2019
فلم کو ریلیز کرنے کا اعلان نہیں کیا گیا—اسکرین شاٹ
فلم کو ریلیز کرنے کا اعلان نہیں کیا گیا—اسکرین شاٹ

فلم ساز سرمد کھوسٹ کی فیچر فلم ’زندگی تماشا‘ کا ٹریلر 2 دن قبل ہی جاری کیا گیا تھا، جس نے ریلیز ہوتے ہی شائقین میں پذیرائی حاصل کرلی تھی۔

فلم کے جاری کیے گئے مختصر دورانیے کے ٹریلر سے فلم کی کہانی سمجھنا مشکل ہے، تاہم اندازہ ہوتا ہے کہ فلم کی کہانی انتہائی حساس اور اہم موضوع کے گرد گھومتی ہے۔

فلم کے ٹریلر میں عندیہ دیا گیا تھا کہ فلم میں مذہب اور سیاست کا لبادہ اوڑھے لوگ کس طرح اپنا مقاصد حاصل کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 'زندگی تماشا' کا پہلا ٹریلر سامنے آگیا

فلم میں کچھ کرداروں کو بظاہر اچھے مگر چھپے ہوئے خراب کرداروں میں بھی دکھایا گیا تھا۔

فلم کا ٹریلر دو دن قبل ہی ریلیز کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ
فلم کا ٹریلر دو دن قبل ہی ریلیز کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ

ٹریلر میں ہی اگرچہ یہ عندیہ دیا گیا تھا کہ فلم کا انٹرنیشنل پریمیئر جنوبی کوریا میں ہونے والے ’بوسان فلم فیسٹیول‘ میں ہوگا جو کل سے شروع ہو رہا ہے۔

تاہم اب فلم کے آفیشل ٹوئٹر پر بتایا گیا کہ ’بوسان فلم فیسٹیول‘ میں نہ صرف فلم کی نمائش ہوگی بلکہ اسے اہم ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیا گیا ہے۔

ٹوئٹر پر بتایا گیا کہ فلم کو بوسان فیسٹیول میں دیے جانے والے ایوارڈ ’کم جیسوئک‘ کے لیے نامزد کیا گیا ہے جو دنیا بھر سے پیش کی جانے والی سب سے نمایاں فلم کو دیا جائے گا۔

فیسٹیول میں پاکستان کے علاوہ دیگر ممالک کی فلمیں بھی پیش کی جائیں گی، جن میں مختلف فلموں میں ایوارڈز دیے جائیں گے۔

ایمان سلیمان نے فلم میں اہم کردار ادا کیا ہے—اسکرین شاٹ
ایمان سلیمان نے فلم میں اہم کردار ادا کیا ہے—اسکرین شاٹ

اگرچہ ’زندگی تماشا‘ کو بوسان فلم فیسٹیول میں پیش کیا جائے گا، تاہم اسے پاکستان میں ریلیز کرنے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم کو رواں برس کے اختتام یا پھر 2020 کے آغاز میں ریلیز کیا جائے گا۔

فلم کی کہانی نرمل بانو نے لکھی ہے اور اسے سرمد کھوسٹ نے بنایا ہے، جنہوں نے اس سے قبل ’منٹو‘ بنائی تھی۔

فلم کی کاسٹ میں عارف حسین، سمیعہ ممتاز، علی قریشی اور ایمان سلیمان سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں