آزادی مارچ: باوردی فورس بنا کر ڈنڈے لہرانے پر کارروائی ہوگی، شوکت یوسفزئی

اپ ڈیٹ 13 اکتوبر 2019
صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن کو تنقید کا نشانہ بنایا — فائل فوٹو/آئی این پی
صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن کو تنقید کا نشانہ بنایا — فائل فوٹو/آئی این پی

خیبرپختو نخوا(کے پی) کے وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ 'کسی کو بھی سیاسی مفادات کے لیے خون خرابے کی اجازت نہیں دیں گے اور باوردی فورس بنا کر ڈنڈے لہرانے پر ایکشن ہوگا'۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 'وزیراعظم عمران خان ملک و قوم کی ترقی کے لیے کوشاں ہیں جبکہ مولانا صاحب حکومت کے خلاف بے بنیاد مہم چلانا چاہتے ہیں'۔

ان کا کہا تھا کہ 'بدعنوان عناصراحتساب سے بچنے کے لیے حکومت پر دباؤ ڈالنا چاہتے ہیں، مولانا صاحب کو عوام نے مسترد کردیا ہے اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو بد عنوان عناصر کے احتساب کا مینڈیٹ دیا ہے'۔

مزید پڑھیں: ہم آگے بڑھیں گے، پیچھے مڑنے کا کوئی آپشن نہیں، مولانا فضل الرحمٰن

انہوں نے کہا کہ 'کسی کو بھی ملکی نظام کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، امن وامان برقرار رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے'۔

انہوں نے خبردار کیا کہ 'مولانا فضل الرحمٰن ریاستی رٹ چیلنج کرنے سے باز رہیں'۔

شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ 'عمران خان کی کوششوں سے مسئلہ کشمیرعالمی سطح پر اجاگر ہوا، مہنگائی اور مشکل صورت حال کی بات تو ہم بھی کرتے ہیں مگر کسی کو بھی سیاسی مفادات کے لیے خون خرابے کی اجازت نہیں دیں گے'۔

انہوں نے کہا کہ 'باوردی فورس بنا کر ڈنڈے لہرانے پر ایکشن ہوگا اور جے یو آئی (ف) کے کارکنوں کے خلاف مقدمے بنیں گے'۔

یہ بھی پڑھیں: مولانا کو ملک کی نہیں، حلوے کی فکر رہتی ہے، فردوس عاشق اعوان

ان کا کہنا تھا کہ 'ڈنڈا بردار مجمع دکھا کر سیاست نہیں ہوتی، مولانا فضل الرحمٰن اقتدار کے بغیر مچھلی کی طرح تڑپ رہے ہیں'۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ 'مولانا فضل الرحمٰن اداروں کو دھمکیاں دے رہے ہیں اور اس کام میں وہ مدارس کے بچوں کو بھی استعمال کرنا چاہتے ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'مولانا فضل الرحمٰن جس طرح کی سیاست کرتے ہیں اس طرح وہ کبھی وزیراعظم نہیں بن سکتے'۔

تبصرے (0) بند ہیں