عمران خان جلد اپنا استعفیٰ دینے والے ہیں، بلاول بھٹو زرداری

اپ ڈیٹ 28 اکتوبر 2019
ابھی تو سلسلہ شروع ہوا ہے، ابھی بہت کچھ ہونا ہے، بلاول بھٹو زرداری — فوٹو: ڈان نیوز
ابھی تو سلسلہ شروع ہوا ہے، ابھی بہت کچھ ہونا ہے، بلاول بھٹو زرداری — فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ملک کی موجودہ صورتحال کے پیچھے ایک ہی نااہل شخص ہے جس کا نام عمران خان ہے جو جلد ہی اپنا استعفیٰ دینے والے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری نے اپنے والد آصف زرداری سے پمز ہسپتال اسلام آباد میں ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری نے آصف علی زرداری کے لیے قائم میڈیکل بورڈ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'ہسپتال میں سابق صدر کا اچھا علاج ہورہا ہے لیکن میں اس حکومت پر اعتماد نہیں کرتا، وہ ہسپتال میں ہیں لیکن آج بھی عمران خان کے قیدی ہیں اور عمران خان کے ہوتے ہوئے ہمیں یہ اعتماد نہیں ہے کہ آصف علی زرداری کو وہ حق ملے گا جو ان کا حق ہے۔'

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 'آصف علی زرداری کے خلاف اب تک کوئی الزام ثابت ہوا اور کوئی کیس بھی فائنل نہیں ہوا اس کے باوجود انہیں گرفتار کیا گیا جبکہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو عدالت سے سزا سنائے جانے کے بعد گرفتار کیا گیا۔'

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی کٹھ پتلی حکومت کو گرا کر رہیں گے، بلاول

انہوں نے کہا کہ 'سابق صدر نے اپنا نام ای سی ایل سے نکالنے کی کوئی درخواست دی نا ٹکٹ مانگی لیکن طبی سہولیات ہر انسان کا حق ہے، ہمارے آئینی و جمہوری حقوق چھینے جارہے ہیں اور پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی جانوں کے ساتھ کھیلا جارہا ہے۔'

بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 'ملک میں عوام سے حاکمیت چھینی جارہی ہے، انہیں جمہوری حق سے محروم رکھا جارہا ہے، ریاست کا پورا نظام دباؤ میں ہے، ملک نہیں چل رہا ہے، معیشت تباہ حال ہے اور اس سب کے پیچھے ایک ہی نااہل شخص ہے جس کا نام عمران خان ہے جو جلد ہی اپنا استعفیٰ دینے والے ہیں۔'

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن چاہتی ہے کہ پارلیمان کے ذریعے تمام مسائل کا حل نکالا جائے لیکن وزیراعظم نے پارلیمان کو ہی تالا لگا دیا ہے جس کے بعد ہم مجبوراً احتجاج کی طرف جا رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: 'عمران خان تاریخ کے سب سے بڑے جھوٹے، بیمار اور خالی دماغ شخص ہیں'

انہوں نے کہا کہ ابھی تو سلسلہ شروع ہوا ہے، ابھی بہت کچھ ہونا ہے اور کوشش ہوگی کہ جمہوریت کو نقصان نہ ہو۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے آزادی مارچ کے حوالے سے کہا کہ 'آزادی مارچ میں بڑی تعداد میں شرکت کر کے لوگوں نے واضح پیغام دیا ہے کہ موجودہ حکومت ملک نہیں چلا سکتی۔'

تبصرے (0) بند ہیں