کیلیفورنیا میں ہیلوین پارٹی کے دوران فائرنگ، 3 افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 30 اکتوبر 2019
واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو کارڈن آف کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا — فوٹو: اے پی
واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو کارڈن آف کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا — فوٹو: اے پی

کیلیفورنیا کے علاقے لانگ بیچ میں ایک گھر میں جاری ہیلوین پارٹی کے دوران فائرنگ سے 3 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق لانگ بیچ پولیس ڈپارٹمنٹ کے ترجمان کیرن اوینز کا کہنا تھا کہ 'جب فائر فائٹرز جائے وقوع پر پہنچے تو وہاں افراتفری مچی ہوئی تھی'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ایک مشتبہ شخص موقع سے فرار ہوگیا ہے'۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والے تینوں افراد نوجوان لڑکے تھے جن کی عمر 20 سال کے قریب تھی۔

مزید پڑھیں: امریکا: شاپنگ مال میں فائرنگ سے 20 افراد ہلاک، حملہ آور زیرحراست

واضح رہے کہ زخمیوں کی حالت کے بارے میں معلومات تاحال دستیاب نہیں کی گئیں۔

کیرن اوینز کا کہنا تھا کہ 'رہائشی علاقے میں کچھ لوگ ہیلوین کی مناسبت سے لباس پہنے ایک پارٹی میں شریک تھے کہ وہاں فائرنگ ہوئی'۔

لاس اینجلس ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق چند مقامی افراد کا کہنا تھا کہ گھر سے 20 کے قریب فائر کی آوازیں آئی تھیں۔

تفتیش کار متاثرین کا انٹرویو کر رہے ہیں تاکہ واقعے کے بارے میں مزید معلومات حاصل کی جاسکیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ایک برس میں امریکا کی مختلف ریاستوں میں فائرنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

رواں برس اگست کے مہینے میں ٹیکساس کے شاپنگ مال میں ایک مسلح شخص نے فائرنگ کرکے 20 افراد کو قتل جبکہ 26 افراد کو زخمی کردیا تھا اور واقعے کے بعد خود کو پولیس کے حوالے کردیا تھا۔

اس سے قبل جولائی میں امریکا کے شہر کیلیفورنیا میں شاپنگ مال کے اندر 2 نامعلوم افراد کی فائرنگ سے بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا: شاپنگ مال میں فائرنگ سے بچوں سمیت متعدد افراد زخمی

جون میں امریکا کے شہر پٹس برگ میں یہودی عبادت گاہ میں فائرنگ کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔

گزشتہ برس نومبر میں امریکا کی ریاست ورجینیا میں میونسپل کی عمارت میں فائرنگ کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

جبکہ مئی 2018 میں امریکا کی ریاست ٹیکساس میں ہی ایک ہائی اسکول میں مسلح شخص کی فائرنگ سے پاکستانی طالبہ سبیکا عزیز شیخ سمیت 10 طالب علم ہلاک ہوئے تھے۔

سبیکا عزیز شیخ کینیڈی لوگر یوتھ ایکسچینج پروگرام کے تحت امریکا میں تعلیم حاصل کرنے گئی تھیں۔

2018 کے اوائل میں فلوریڈا کی ہائی اسکول میں فائرنگ سے 17 طلبہ ہلاک ہوئے تھے، جس کے بعد ملک بھر میں ’گن کنٹرول‘ کی حمایت میں بڑے پیمانے پر مظاہرے بھی کیے گئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں