پہلا ٹی20: بارش کے باعث پاک- آسٹریلیا میچ بے نتیجہ ختم

اپ ڈیٹ 06 نومبر 2019
میچ 15 اوورز تک محدود ہونے سے آسٹریلیا کو ڈی ایل ایس کے تحت 119رنز کا ہدف دیا — فوٹو: اے ایف پی
میچ 15 اوورز تک محدود ہونے سے آسٹریلیا کو ڈی ایل ایس کے تحت 119رنز کا ہدف دیا — فوٹو: اے ایف پی
سڈنی میں آج تیز بارش اور طوفان کا خدشہ ہے جس کے باعث میچ متاثر ہو سکتا ہے — فوٹو: پی سی بی
سڈنی میں آج تیز بارش اور طوفان کا خدشہ ہے جس کے باعث میچ متاثر ہو سکتا ہے — فوٹو: پی سی بی

آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹی20 میں پاکستان نے حریف ٹیم کو میچ جیتنے کے لیے 119 رنز ہدف دیا لیکن بارش کے باعث میچ بے نتیجہ ہوگیا۔

سڈنی میں کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میچ میں قومی ٹیم نے 107 رنز بنائے لیکن بارش کے باعث میچ 15 اوورز تک محدود کرنے کے باعث آسٹریلوی ٹیم کو ڈی ایل ایس کے تحت 119 رنز کا ہدف دیا گیا تھا۔

اگر بارش رکنے سے قبل آسٹریلوی ٹیم 5 اوورز کھیلنے میں کامیاب ہوجاتی تو پاکستان کی شکست یقینی تھی کیونکہ میزبان ٹیم کو 5 اوورز میں 34 رنز بنانے تھے جب کہ کینکروز یہ ہدف تیسرے اوور میں ہی حاصل چکے تھے۔ بارش پاکستان کیلئے رحمت ثابت ہوئی اور میچ 5 اوورز سے قبل ہی بے نتیجہ ختم کرنا پڑا۔

دوسری اننگ کے دوران بارش سے قبل آسٹریلیا نے 3 اوررز بغیر وکٹ پر 41 اسکور کیے تھے، کپتان ایرون فنچ نے 37 اور ڈیوڈ وارنر نے 2 رنز بنائے۔

تین سال بعد ٹیم میں واپسی کرنے والے محمد عرفان مہنگے ترین باؤلر ثابت ہوئے، آسٹریلوی کپتان فنچ نے عرفان کے ایک ہی اوور میں چھکوں اور چوکوں کی برسات کرتے ہوئے 26 رنز بنا ڈالے۔

فنچ نے عرفان کی پہلی گیند پر چھکا لگایا، دوسری اور تیسری گیند پر مسلسل 2 باونڈریز مار کر 8رنز لیے، باؤلر نے چوتھی گیند نو بال کردی جس پر پھر بیٹسمین کو 4 رنز ملے، اگلی 4 گیندوں پر ایک چھکے، ایک چوکے اور سنگل کے ساتھ ایرون فنچ نے ایک اوور میں 26 رنز بنائے۔

37 سالہ عرفان 27سال کے عرصے میں پاکستان کیلئے کھیلنے والے سب سے بڑی عمر کے فاسٹ باؤلر بھی ہیں۔ اس سے قبل 39 سالہ عمران خان 1992 ورلڈ کپ فائنل میں پاکستان کی قیادت کی تھی۔

قبل ازیں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

سڈنی کے کریکی گراؤنڈ میں کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میں پاکستانی ٹیم کی قیادت بابر اعظم جبکہ آسٹریلیوی ٹیم کی سربراہی ایرون فنچ نے کی۔

میچ کے آغاز سے ہی قومی ٹیم مشکلات کا شکار رہی اور کپتان بابر اعظم کے علاوہ 12 ویں اوور کے دوران 3 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تھے۔

ٹی20 ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے فخر زمان کے ہمراہ آسٹریلیا کے خلاف اننگ کا آغاز کیا لیکن فخر زمان پہلے اوور کی دوسری بال پر کوئی رن بنائے بغیر پویلین لوٹ گئے۔

فخر زمان کے بعد حارث سہیل نے اننگ کے شاندار آغاز کی کوشش کی لیکن وہ دوسرے ہی اوور میں 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

حارث سہیل کے بعد وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے کپتان بابر اعظم کے ساتھ بیٹنگ لائن کو سنبھالا اور 60 رنز کی شراکت قائم کرنے کے بعد ایشٹون اگار کی بال کا شکار ہوگئے، انہوں نے 33 رنز بنائے۔

تاہم سڈنی میں آج تیز بارش اور طوفان کے باعث میچ متاثر ہونے کا خدشہ تھا اور ٹاس کے فوری بعد ہلکی بارش شروع ہوگئی تھی جس کے باعث کچھ تاخیر سے میچ کا آغاز ہوا تھا۔

بعدازاں میچ کے 12ویں کے دوران پھر بارش ہوئی اور میچ روک دیاگیا، اس وقت قومی ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 88 رنز بنائے تھے۔

بارش کے باعث میچ کو 15 اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا اور بارش رکنے کے بعد میچ کے دوبارہ آغٖاز پر کریز پر موجود آصف علی نے صرف ایک رن بنایا اور پویلین لوٹ گئے۔

12ویں اوور میں میچ روکنے سے قبل آصف علی نے 10 رنز بنائے تھے اور دوبارہ آغاز پر ایک رن بنانے کے باعث وہ صرف 11 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

آصف علی کے بعد عماد وسیم نے میدان سنبھالا لیکن پہلی ہی گیند پر کوئی رن بنائے بغیر پویلین لوٹ گئے جن کے بعد افتخار احمد صرف ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ کپتان بابر اعظم نے 59 رنز بنائے۔

خیال رہے کہ ٹی 20 میچ میں بابر اعظم پاکستان کی قیادت کررہے ہیں اور اسکواڈ میں شامل بقیہ کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں۔

آصف علی، فخر زمان، حارث سہیل، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد عامر، محمد عرفان، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، شاداب خان، اور وہاب ریاض۔

آسٹریلیا کی ٹیم کے کپتان ایرون فنچ ٹیم ہیں اور اسکواڈ میں شامل بقیہ کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں۔

ڈیوڈ وارنر، اسٹیو اسمتھ، بین مکڈرمیت، ایشٹون ٹرنر، ایلکس کیری، ایشٹون اگار، پیٹ کمنز، میچل اسٹارک، کین رچرڈسن، ایڈم زیمپا۔

خیال رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی20 سیریز تین میچز پر مشتمل ہے جس کا پہلا میچ آج سڈنی میں کھیلا گیا جبکہ دوسرا میچ 5 نومبر، تیسرا اور آخری میچ 8 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

یاد رہے کہ 31 اکتوبر کو شاداب خان کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت پاکستانی ٹیم نے دورہ آسٹریلیا کے دوران اپنے وارم اپ میچ میں کرکٹ آسٹریلیا الیون کو 6وکٹوں سے شکست دے کر دورے کا کامیابی سے آغاز کیا تھا۔

سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں کرکٹ آسٹریلیا الیون نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن میچ کی پہلی ہی گیند پر محمد عرفان نے ریان گبسن کی وکٹیں بکھیر دیں۔

تبصرے (0) بند ہیں