رابی پیرزادہ کا شوبز چھوڑنے کا اعلان

اپ ڈیٹ 04 نومبر 2019
اداکارہ نے ٹوئٹ کے ذریعے شوبز چھوڑنے کا اعلان کیا—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے ٹوئٹ کے ذریعے شوبز چھوڑنے کا اعلان کیا—فوٹو: انسٹاگرام

معروف گلوکارہ و اداکارہ رابی پیرزادہ نے اپنی ذاتی ویڈیوز لیک ہونے اور لوگوں کے تلخ رویوں کے بعد شوبز چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

رابی پیرزادہ نے 2004 سے کیریئر کا آغاز کیا تھا، انہوں نے ابتدائی طور پر بطور گلوکاری اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

متعدد مقبول گیت گانے کے بعد رابی پیرزادہ نے لوگوں کے دلوں میں گھر بنانے کے بعد اداکاری میں بھی قسمت آزمائی اور اس فیلڈ میں بھی انہوں نے مداحوں کے دل جیتے۔

رابی پیرزادہ نے ڈراموں کے علاوہ فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے اور ساتھ ہی وہ ماڈلنگ بھی کرتی دکھائی دیں۔

گزشتہ چند ماہ سے وہ سوشل میڈیا پر بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد متحرک دکھائی دیں اور وہ آئے دن مقبوضہ وادی کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتی دکھائی دیں۔

رابی پیرزادہ نے بطور گلوکارہ کیریئر کا آغاز کیا تھا—اسکرین شاٹ
رابی پیرزادہ نے بطور گلوکارہ کیریئر کا آغاز کیا تھا—اسکرین شاٹ

گزشتہ ماہ سوشل میڈیا پر ’سانپِ اژدھوں اور مگر مچھوں‘ کے ساتھ ان کی ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی، جس کے بعد ان پر پنجاب کے محکمہ جنگلی حیات نے وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت مقدمہ دائر کرتے ہوئے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی تھی۔

چند روز قبل رابی پیرزادہ کی چند ذاتی ویڈیوز سوشل میڈیا پر لیک ہوئی تھیں جس کے بعد وہ انتہائی دباؤ اور پریشان دکھائی دیں۔

ویڈیوز لیک ہونے کے بعد رابی پیرزادہ نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ انہوں نے ویڈیوز اور تصاویر کے حوالے سے سائبر کرائم ایکٹ کے تحت کارروائی کی درخواست دے دی۔

رابی پیرزادہ نے اپنے انٹرویو میں بتایا کہ 'لیک ہونے والی ذاتی ویڈیوز اور تصاویر ان کے فون میں موجود تھیں اور مذکورہ فون انہوں نے کچھ عرصہ قبل فروخت کیا تھا'۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ جہاں انہوں نے اپنا اسمارٹ فون فروخت کیا تھا ان کے خلاف بھی کارروائی کی درخواست دے دی ہے۔

ممکنہ طور پر گلوکارہ کے فروخت شدہ فون میں موجود ڈیلیٹ کیا گیا مواد ریکور کرنے کے بعد لیک کردیا گیا تھا۔

گلوکارہ گزشتہ چند ماہ سے سوشل میڈیا پر مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے متحرک تھیں—فوٹو: انسٹاگرام
گلوکارہ گزشتہ چند ماہ سے سوشل میڈیا پر مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے متحرک تھیں—فوٹو: انسٹاگرام

اس معاملے کے بعد اداکارہ دباؤ اور پریشانی کا شکار دکھائی دیں اور اب انہوں نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے شوبز چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

رابی پیرزادہ نے اپنی مختصر ٹوئٹ میں لکھا کہ ’میں رابی پیرزادہ شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرتی ہوں، اللہ تعالیٰ میرے گناہوں کو معاف کرے اور میرے حق میں لوگوں کا دل نرم کرے‘۔

ساتھ ہی انہوں نے ایک مقدس آیت بھی لکھی، اداکارہ کے شوبز چھوڑنے کے اعلان پر ان کی ٹوئٹ پر کئی مداحوں نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کا ساتھ دینے کا بھی عہد کیا۔

رابی پیرزادہ نے گلوکاری کے علاوہ اداکاری بھی کی—فوٹو: انسٹاگرام
رابی پیرزادہ نے گلوکاری کے علاوہ اداکاری بھی کی—فوٹو: انسٹاگرام

تبصرے (1) بند ہیں

aftab Nov 04, 2019 05:57pm
apne phone ya hard disk ko sale karne pe pehle os ko encrypt kar de phir delete kar de. agar data recover ho gaya toh os data main kia tha ye bhi nahi jan sakta. IT ko itna easy mat lo. It is powerful