ویسٹ انڈین بلے باز پر بال ٹیمپرنگ کا الزام ثابت، 4 میچوں کی پابندی

اپ ڈیٹ 18 نومبر 2019
نکولس پوران نے بال ٹیمپرنگ کی غلطی تسلیم کر لی— فائل فوٹو: اے ایف پی
نکولس پوران نے بال ٹیمپرنگ کی غلطی تسلیم کر لی— فائل فوٹو: اے ایف پی

افغانستان کے خلاف میچ میں بال ٹیمپرنگ پر ویسٹ انڈین بلے باز نکولس پوران کے 4 ٹی 20 میچوں میں شرکت پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

پیر کو افغانستان کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ کے دوران نکولس پوران پر بال ٹیمپرنگ کا الزام لگا تھا اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کے قوانین کی خلاف ورزی پر مرتکب قرار دیا گیا تھا۔

ان پر الزام تھا انہوں نے گیند کی ساخت کو تبدیل کرنے کی کوشش کی جہاں ان کی انگوٹھے سے گیند کو کھرچنے کی ویڈیو منظر عام پر آئی تھی۔

پوران نے اپنی غلطی کو تسلیم کر لیا جس کے بعد ان کی چار ٹی20 میچوں میں شرکت پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

اس پابندی کے سبب پوران افغانستان کے خلاف تین ٹی20 میچوں کے ساتھ ساتھ بھارت کے خلاف پہلے ٹی20 میچ میں بھی شرکت نہیں کر سکیں گے۔

نکولس پوران نے اپنی غلطی پر معافی مانگتے ہوئے کہا کہ میں آئی سی سی کی جانب سے دی گئی سزا کو کھلے دل سے تسلیم کرتا ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ دوبارہ یہ غلطی نہیں دہراؤں گا۔

تبصرے (0) بند ہیں