پاکستان کا زمین سے زمین تک مارکرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین ون کا کامیاب تجربہ

اپ ڈیٹ 18 نومبر 2019
شاہین ون میزائل 650 کلو میٹر تک تمام اقسام کے وار ہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے — فوٹو: ڈی جی آئی ایس پی آر، ٹوئٹر
شاہین ون میزائل 650 کلو میٹر تک تمام اقسام کے وار ہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے — فوٹو: ڈی جی آئی ایس پی آر، ٹوئٹر

پاکستان نے اپنے میزائل کے نظام میں اضافہ کرتے ہوئے زمین سے زمین تک مار کرنے کی صلاحیت رکھنے والے شاہین ون بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تربیتی مشق کے طور پر کیے گئے میزائل تجربے کا مقصد آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ کی آپریشن تیاریوں کو آزمانا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شاہین ون میزائل 650 کلو میٹر تک تمام اقسام کے وار ہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کا بیلسٹک میزائل 'نصر' کا کامیاب تجربہ

بیان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹجک پلانز ڈویژن، کمانڈر آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ، چیئرمین نیسکام، اسٹریٹجک پلانز ڈویژن سے تعلق رکھنے والے سینئر افسران، آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ، سائنسدانوں اور انجینئرز کی موجودگی میں یہ تجربہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق افواج کی جانب سے مضبوط ہتھیاروں کے نظام کو سنبھالنے اور چلانے میں اعلیٰ صلاحیت کا مظاہرہ کیا گیا۔

دوسری جانب ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر کی جانب سے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ کی گئی، جس میں بتایا گیا کہ پاکستان نے ایس ایس بی ایم شاہین ون میزائل کا کامیاب تجربہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا 290 کلومیٹر تک مارکرنے والے بیلسٹک میزائل ’غزنوی‘ کا کامیاب تجربہ

یاد رہے کہ پاکستان کی جانب سے شاہین ون بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا جب گزشتہ روز بھارت نے اپنے آگنی 2 میزائل کا تجربہ کیا تھا۔

خیال رہے کہ رواں سال اگست میں پاکستان نے زمین سے زمین پر مار کرنے والے بیلسٹک میزائل غزنوی کا رات میں کامیاب تجربہ کیا تھا۔

اُس وقت پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان دیتے ہوئے یہ اعلان کیا تھا اور بتایا تھا یہ کہ 'میزائل 290 کلومیٹر تک ہرقسم کے وارہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے'۔

تبصرے (0) بند ہیں